گولا پل پر خطرہ بڑھا، سیلفی اور ریل بنانے والوں کو سخت انتباہ

تاثیر 02 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ہلدوانی، 2 ستمبر:گزشتہ دو دنوں سے مسلسل ہو رہی موسلا دھار بارش کا اثر اب ہلدوانی اور آس پاس کے علاقوں میں صاف نظر آنے لگا ہے۔ جگہ جگہ سڑکیں متاثر ہیں، دریاؤں اور ندی نالوں کی سطحِ آب بڑھ گئی ہے اور کئی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی صورتِ حال پیدا ہوگئی ہے۔
اسی دوران گولا ندی کے تیز بہاؤ کے پیش نظر نینی تال کے ایس ایس پی ڈاکٹر منجوناتھ ٹی سی نے پولیس افسران کے ساتھ ہلدوانی میں واقع گولا پل کا معائنہ کیا اور موقع پر حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے پل کے آس پاس بڑھتی بھیڑ اور سیلفی و ریل بنانے کے لیے خطرناک مقامات پر پہنچنے والے لوگوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
ایس ایس پی نے کہا کہ گزشتہ دو دنوں سے کاٹھ گودام، ہلدوانی، بنبھول پورہ، لال کنواں اور چورگلّیا علاقوں میں مسلسل موسلا دھار بارش ہو رہی ہے۔ پہاڑی علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کا اثر اب میدانی علاقوں میں دریاؤں اور ندی نالوں کی بڑھتی ہوئی سطحِ آب اور پانی جمع ہونے کی صورت میں دکھائی دے رہا ہے۔