تاثیر 03 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 03 ستمبر: دہلی کے لوک آیکت جسٹس ہریش چندر مشرا کا جمعرات کی صبح صفدرجنگ اسپتال میں انتقال ہوگیا۔ انہوں نے 23 مارچ 2022 کو دہلی کے لوک آیکت کے عہدے کا حلف لیا تھا۔ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا سمیت دہلی کے وزرا نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ دہلی کے لوک آیکت جسٹس ہریش چندر مشرا کے انتقال کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ ایشور ان کی روح کو تسکین دے اور ان کے اہل خانہ و خیر خواہوں کو اس گہرے صدمے کو برداشت کرنے کی طاقت دے۔
دہلی کے تعمیراتِ عامہ کے وزیر پرویش صاحب سنگھ نے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا چلے جانا انصاف اور عوامی خدمت کے شعبے کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ انہوںنے آنجہانی کی روح کی تسکین کیلئے دعا کی۔

