تاثیر 09 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سہسرام ( انجم ایڈوکیٹ ) اردو زبان اپنی مٹھاس، گنگا جمنی ثقافت، بھرپور ادب اور گہرے جذباتی اظہار کی وجہ سے تاریخی اور ثقافتی لحاظ سے اہم ہے، ڈپٹی ڈیولپمنٹ کمشنر آکانچھا آنند نے یہ بات روہتاس ضلع اردو زبان سیل کی جانب سے اردو اسپیکنگ اسٹوڈنٹس پروموشن اسٹیٹ پلان 2025-26 کے تحت محکمہ اردو ڈائریکٹرویٹ بہار پٹنہ کے زیراہتمام منعقدہ مباحثہ و مقابلہ کا افتتاح کرتے ہوئے کہی ۔ اردو کی اہمیت پر اظہار خیال کرتے ہوئے سہسرام کی سب ڈویژنل آفیسر پریا رانی جنہوں نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور کہا کہ اردو زبان میں جذبات، احساسات اور خیالات کو انتہائی خوبصورتی اور شفافیت کے ساتھ بیان کرنے کی غیر معمولی صلاحیت ہے ۔ اسی طرح کے جذبات کا اظہار سماجی تحفظ کے ڈائرکٹر نجو کمار رام اور محکمہ اقلیتی بہبود کے ڈپٹی ڈائرکٹر کشور کمار آنند نے بھی کیا، جنھوں نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔ اس مباحثہ و مقابلہ میں ہائی اسکولوں کے کل 23، انٹرمیڈیٹ اسکولوں کے 15 اور روہتاس ضلع کے دیگر کالجوں کے گریجویٹ 23 طلباء نے حصہ لیا ۔ ضت اردو زبان سیل کے انچارج افسر اظہار عالم جنھوں نے تقریب کی صدارت کی انھوں نے بتایا کہ روہتاس ضلع اردو زبان سیل نے روہتاس ضلع کے انڈرگریجویٹ، انٹرمیڈیٹ اور میٹرک کے طلباء کیلئے اردو کے مختلف موضوعات کو نامزد کیا تھا، انھوں نے کہا کہ شرکاء طلباء نے اردو کی اہمیت پر اپنے خیالات پیش کئے ۔ تقریب میں موجود ججوں میں شیر شاہ کالج کے شعبہ اردو کے لیکچرر ڈاکٹر محمد ندیم، روہتاس ویمنس کالج کے ڈاکٹر شمشیر عالم، نہرو کالج ڈہری کے ڈاکٹر افتخار احمد انصاری، ہائیر سیکنڈری اسکول لہڑی کوچس کی ڈاکٹر نگار تبسم اور سینئر سیکنڈری اسکول بکرم گنج کے ڈاکٹر رضا خان شامل تھے ۔ مہمانوں کو ضلع اردو زبان سیل روہتاس کی طرف سے شائع کردہ میگزین اور یادگاری نشانات پیش کئے گئے ۔ تمام کلاسوں کے تحت مباحثوں اور مقابلوں میں اول، دوم اور سوم پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء کو بھی مراعات دی جائینگی ۔ ٹریژری اسٹاف موہن کمار کرن اور اردو زبان سیل کے محمد ثاقب عالم نے پروگرام کو کامیاب بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ۔ جمشید عالم نے پورے پروگرام کی بحسن و خوبی نظامت کی ۔

