تاثیر 11 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ارریہ: (مشتاق احمد صدیقی) ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ارریہ مسٹر ونود دہن اور پولس سپرنٹنڈنٹ ارریہ مسٹر جتیندر کمار نے جمعہ کو ڈویژنل جیل ارریہ کا اچانک معائنہ کیا۔ معائنہ کے دوران سکیورٹی انتظامات، قیدیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور جیل انتظامیہ کے کام کاج کا جائزہ لیا گیا۔ معائنہ کے دوران ضلع مجسٹریٹ اور پولس سپرنٹنڈنٹ نے جیل کے احاطے میں وارڈز، سیلز اور دیگر حساس مقامات کے ساتھ ساتھ حفاظتی انتظامات کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے جیل انتظامیہ کو حفاظتی انتظامات میں انتہائی چوکس رہنے اور تمام مقررہ طریقہ کار کی سختی سے تعمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے جیل انتظامیہ کو سی سی ٹی وی کی موثر نگرانی اور کنٹرول روم سے مسلسل نگرانی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی تاکہ کسی بھی مشکوک سرگرمی پر فوری کارروائی کی جاسکے۔
معائنہ کے دوران قیدیوں کو فراہم کی جانے والی بنیادی سہولیات، صحت کی سہولیات اور کھانے کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ صفائی کو ترجیح دیتے ہوئے جیل کے احاطے اور باورچی خانہ ( کچن ) میں صفائی کے مقررہ معیارات کو برقرار رکھنے کی ہدایات دی گئیں۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے جیل انتظامیہ پر واضح کیا کہ سیکورٹی کے معاملات میں کسی بھی سطح پر لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ سیکورٹی اہلکاروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے فرائض میں چوکس رہیں، مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں اور ضرورت کے مطابق فوری کارروائی کریں۔ سرپرائز معائنہ کے دوران ضلع انتظامیہ اور پولس انتظامیہ کے دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

