چھوٹے واقعات کو بڑا نہ بننے دیں، ڈی ایم اور ایس پی نظر رکھیں: وزیراعلیٰ یوگی

تاثیر 21 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

لکھنؤ، 21 ستمبر: اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے پیر کو ’جنتا درشن‘ کے دوران مختلف اضلاع سے آئے لوگوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ درخواستوں کا جائزہ لینے کے بعد وزیراعلیٰ نے کہا کہ معاشرے میں دشمنی اور انتشار پھیلانے والے عناصر معمولی واقعات کو بڑا بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔ ایسی صورت میں تمام اضلاع میں پیش آنے والے ہر چھوٹے سے چھوٹے واقعے پر ضلع مجسٹریٹ (ڈی ایم) اور پولیس سپرنٹنڈنٹ (ایس پی) خود نظر رکھیں۔انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچیں، متاثرین کی بات سنیں اور قصورواروں کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے معاملے کو جلد حل کریں۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ چھوٹے چھوٹے واقعات میں بھی کسی قسم کی بے حسی یا لاپروائی برداشت نہیں کی جائے گی۔
’جنتا درشن‘ کے دوران وزیراعلیٰ نے کرسیوں پر بیٹھے ہر متاثرہ شخص سے ملاقات کی اور ان کی شکایات اور مسائل سنے۔ انتظامیہ، پولیس، محکمہ محصولات اور بجلی سمیت مختلف محکموں سے متعلق درخواستیں وصول کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت گزشتہ ساڑھے نو برس سے بلا امتیاز ہر متاثرہ شخص کے مسائل کا مناسب حل یقینی بنا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ نے افسران سے کہا کہ وہ حساسیت کے ساتھ عوامی شکایات کا مقررہ مدت میں ازالہ یقینی بنائیں۔ اہل افراد کو فلاحی اسکیموں کا فائدہ پہنچایا جائے، مریضوں کے علاج کا مناسب انتظام کیا جائے اور اراضی مافیا اور دبنگ عناصر کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے۔