ایران کا این پی ٹی سے دستبرداری کا بل پارلیمنٹ میں جمع، جوہری پالیسی پر بحث تیز

تاثیر 21 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

تہران، 21 ستمبر: ایران کے متعدد ارکان پارلیمنٹ نے جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے (این پی ٹی) سے ملک کی دستبرداری کے لیے ایک بل ایرانی پارلیمنٹ کی پریزائیڈنگ بورڈ میں جمع کرا دیا ہے۔ ایرانی رکن پارلیمنٹ حسین علی حاجی دلیگانی کے مطابق بل ایوان میں پیش کیے جانے کے لیے تیار ہے، تاہم اس پر بحث شروع کرنے کے لیے پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کی منظوری درکار ہوگی۔
بل کے حامی ارکان کا مؤقف ہے کہ موجودہ حالات میں این پی ٹی میں ایران کی رکنیت سے ملک کو مطلوبہ فائدہ حاصل نہیں ہو رہا۔ ان کا کہنا ہے کہ ایران کے خلاف جاری فوجی دباؤ، بین الاقوامی پابندیوں اور جوہری پروگرام سے متعلق بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر معاہدے میں برقرار رہنا تہران کے مفادات کے خلاف ہے۔حاجی دلیگانی نے پارلیمنٹ میں کہا ہے کہ ایران کے لیے این پی ٹی سے نکلنا اس کے مفاد میں ہوگا اور پارلیمنٹ کی قیادت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ارکان کی جانب سے جمع کرائے گئے فوری نوعیت کے بل کو زیر غور لایا جائے۔