تاثیر29 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
کولکاتا، 29 ستمبر:انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے منگل کی صبح ترنمول کانگریس کے سابق وزیراندرنیل سین کی کولکاتا میں واقع کاسبا رہائش گاہ سمیت کئی ٹھکانوں پرچھاپے مارے۔ یہ کارروائی درگا پوجا کے نام پرمبینہ طورپرفرضی پاس فروخت کرنے اور کروڑوں روپے کی مالی بے ضابطگیوں کے الزامات کی جانچ کے تحت کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق، اندرنیل سین اور ان کی اہلیہ کی تنظیم پر یونیسکو کا نام استعمال کرکے درگا پوجا پری کرما کے مبینہ فرضی پاس فروخت کرنے کا الزام ہے۔ اسی معاملے کی جانچ کے سلسلے میں ای ڈی کی ٹیم منگل علی الصبح ان کے کاسبا میں واقع مکان پر پہنچی اور تلاشی مہم شروع کی۔ای ڈی کی کارروائی محض سابق وزیر کی رہائش گاہ تک ہی محدود نہیں ہے۔ ان کے ادارے کے دفتر سمیت کولکاتا کے کئی دیگر مقامات پر بھی بیک وقت تلاشی مہم چلائی جا رہی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ای ڈی کی ایک ٹیم ہوگلی میں واقع اندرنیل سین کے فارم ہاوس پر بھی پہنچی ہے۔ فی الحال ای ڈی کی جانب سے تلاشی مہم اور الزامات کے حوالے سے تفصیلی معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔ معاملے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

