اہل افراد 30 ستمبر تک فارم-6 بھر کر ووٹر لسٹ میں نام شامل کراسکتے ہیں

تاثیر 04 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن۔

نئی دہلی، 4 ستمبر: دہلی کے چیف الیکشن آفیسر(سی ای او) دفتر نے کہا ہے کہ خصوصی نظرثانی (ایس آئی آر) کے تحت جو اہل ووٹر مقررہ مدت میں گنتی فارم جمع نہیں کرا سکے، وہ اب بھی ووٹر لسٹ میں اپنا نام شامل کراسکتے ہیں۔ ایسے افراد 30 ستمبر تک دعووں اور اعتراضات کے مرحلے میں مقررہ حلف نامے اور ضروری دستاویزات کے ساتھ فارم-6 جمع کراسکتے ہیں۔ حتمی ووٹر لسٹ 4 نومبر کو جاری کی جائے گی۔سی ای او دفتر کے مطابق دہلی میں خصوصی گہری نظرثانی کے تحت مسودہ ووٹر لسٹ 31 اگست کو جاری کی گئی تھی۔ 30 جون سے 17 اگست تک بوتھ لیول افسران (بی ایل او) نے گھر گھر جاکر پہلے سے پرنٹ شدہ گنتی فارم تقسیم کیے اور ووٹروں کی تصدیق کی۔
جو ووٹر اپنے رجسٹرڈ پتے پر نہیں ملے یا وہاں سے منتقل ہوچکے تھے، انہیں مقررہ طریقہ کار کے تحت اے ایس ڈی ڈی زمرے میں شامل کیا گیا۔ دفتر نے واضح کیا کہ کسی ووٹر کو محض قیاس کی بنیاد پر منتقل شدہ قرار نہیں دیا گیا، بلکہ گھر گھر تصدیق کے بعد ہی اسے اس زمرے میں رکھا گیا۔دفتر کے مطابق مقررہ وقت میں گنتی فارم جمع نہ کرانے والے ووٹروں کو موت، ناقابل رسائی یا غیر حاضر، مستقل طور پر منتقل، پہلے سے رجسٹرڈ اور دیگر پانچ زمروں میں رکھا گیا ہے۔ متعلقہ ووٹر کو کس وجہ سے کسی زمرے میں شامل کیا گیا، اس کی معلومات بی ایل او کی جانب سے اپ لوڈ کیے گئے اجلاس کے ریکارڈ سے حاصل کی جاسکتی ہے۔