تاثیر 11 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ضلع مجسٹریٹ ورشا سنگھ کی پہل پر مؤثر کونسلنگ، شوہر نے بیوی اور بچوں کی ذمہ داری نبھانے کا دیا یقین
حاجی پور،ویشالی (شرافت خان) ۔ ویشالی ضلع مجسٹریٹ ورشا سنگھ کی پہل پر ون اسٹاپ سینٹر ویشالی نے کونسلنگ کے ذریعے ایک خاندانی تنازع کا خوش اسلوبی سے حل کرایا۔ ضلع مجسٹریٹ کے عوامی دربار میں موصول شکایت پر فوری نوٹس لیتے ہوئے ون اسٹاپ سینٹر کو ضروری کارروائی کی ہدایت دی گئی۔ مرکز کی ٹیم نے دونوں فریقوں کی کونسلنگ کی، جس کے نتیجے میں میاں بیوی کے درمیان پیدا ہونے والے اختلافات دور ہوئے اور خاندان میں ایک بار پھر خوشگوار اور پُرامن ماحول قائم ہوگیا۔ یہ معاملہ حاجی پور کے صنعتی تھانہ حلقہ واقع راجپوت کالونی کا ہے۔ یہاں کی رہنے والی پنکی دیوی، زوجہ وکرم ملک نے ضلع مجسٹریٹ کے عوامی دربار میں درخواست دے کر اپنے شوہر پر ذہنی اور مالی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔ انہوں نے شکایت میں یہ بھی کہا تھا کہ شوہر بچوں کی پرورش اور ان کی ذمہ داری مناسب طریقے سے ادا نہیں کر رہے ہیں۔ پنکی دیوی کی شادی سال 2011 میں ہوئی تھی اور ان کے تین بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔
ضلع مجسٹریٹ نے فوری نوٹس لیا
معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ضلع مجسٹریٹ محترمہ ورشا سنگھ نے فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے ون اسٹاپ سینٹر ویشالی کو ضروری کارروائی اور تنازع کے حل کے لیے مؤثر پہل کرنے کی ہدایت دی۔ ہدایت ملنے کے بعد ون اسٹاپ سینٹر کی ٹیم نے خاتون کی رہائش گاہ کا دورہ کرکے معاملے کی مکمل صورت حال کی معلومات حاصل کیں۔ اس کے بعد ان کے شوہر وکرم ملک کو مرکز کے دفتر میں حاضر ہونے کے لیے طلب کیا گیا۔
میاں بیوی کی مشترکہ کونسلنگ
ون اسٹاپ سینٹر میں دونوں فریقوں کی مشترکہ میٹنگ منعقد کرکے تفصیلی کونسلنگ کی گئی۔ کونسلنگ کے دوران شوہر نے اپنی بیوی اور بچوں کے تئیں اپنی ذمہ داریوں کو مناسب طریقے سے ادا کرنے کا یقین دلایا۔ انہوں نے آئندہ کسی بھی طرح کی ذہنی یا مالی اذیت نہ دینے اور بیوی و بچوں کے ساتھ عزت، محبت اور باہمی ہم آہنگی کے ساتھ زندگی گزارنے پر رضامندی ظاہر کی۔
ون اسٹاپ سینٹر کی مؤثر کونسلنگ اور ضلع مجسٹریٹ کی ہدایت و مسلسل نگرانی کے نتیجے میں دونوں فریقوں کے درمیان باہمی سمجھ بوجھ پیدا ہوئی اور خاندانی تنازع کا مثبت حل ممکن ہوسکا۔ اس پہل کے بعد خاندان میں ایک بار پھر خوشیوں کا ماحول لوٹ آیا۔
خواتین اور خاندانی معاملات کے حل کو ترجیح
ضلع مجسٹریٹ محترمہ ورشا سنگھ نے کہا کہ عوامی دربار کے ذریعے موصول ہونے والی شکایات کے ازالے کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اولین ترجیح دی جارہی ہے۔ بالخصوص خواتین اور خاندانی معاملات میں حساسیت کے ساتھ فوری کارروائی کو یقینی بنایا جارہا ہے، تاکہ ضرورت مند افراد کو بروقت انصاف اور ضروری مدد فراہم کی جاسکے۔

