تاثیر28 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
بھاگلپور، 28 ستمبر:محکمہ صحت نے ضلع کے شہریوں کو معیاری اور سہولت بخش صحت کی سہولیات فراہم کرنے کی جانب ایک بڑا قدم اٹھایا ہے۔ اب ضلع کے مختلف سرکاری صحت مراکز میں مریضوں کے لیے مفت الیکٹرو کارڈیوگرام ٹیسٹنگ متعارف کرائی گئی ہے۔
یہ سہولت مختلف سرکاری مراکزپر دستیاب ہے، جن میں ضلع اسپتال، سب ڈویڑنل اسپتال، اور کمیونٹی ہیلتھ سنٹر شامل ہیں، جہاں ڈاکٹروں کے مشورے پر مریضوں کا مفت ٹیسٹ کیا جا رہا ہے۔ محکمہ صحت کے اس اقدام سے غریب اور معاشی طور پر پسماندہ مریضوں کو فائدہ پہنچے گا جو پہلے پرائیویٹ پیتھالوجی سینٹر کے زیادہ اخراجات برداشت کرنے سے قاصر تھے۔
نجی مراکز کے اخراجات سے نجات کے ساتھ ساتھ اب مریض سرکاری اسپتالوں میں ایک ہی چھت تلے ڈاکٹروں سے ضروری ٹیسٹ اور مناسب طبی مشورے حاصل کر سکیں گے۔ غور طلب ہے کہ ای سی جی ایک بہت اہم ٹیسٹ ہے جو دل کی برقی سرگرمی کو ریکارڈ کرتا ہے۔

