بھاگلپور میں جھما جھم بر سے بادل، دھان کی فصلوں کو نئی زندگی ملی

تاثیر 23 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

بھاگلپور، 23 ستمبر: ضلع میں گزشتہ کئی دنوں سے جاری حبس بھری گرمی اور خشک سالی جیسی صورتِ حال کے درمیان منگل کو ہوئی موسلادھار بارش نے کسانوں کے چہروں پر رونق لا دی ہے۔
ستمبر کے ا?خری ہفتوں میں کھیتوں کی نمی تیزی سے کم ہو رہی تھی، جس سے دھان کے پودوں پر خطرہ منڈلانے لگا تھا۔ لیکن اس بارش نے نہ صرف درجہ حرارت میں گراوٹ لا کر لوگوں کو راحت بخشی ہے، بلکہ کھیتوں میں لہلہاتی دھان کی فصل کے لیے یہ ا?بِ حیات ثابت ہوئی ہے۔ ماہرین کے مطابق، اس وقت دھان کی فصل نباتاتی نشو و نما اور بالیاں نکلنے کے انتہائی اہم مرحلے میں ہے۔ ایسے وقت میں وافر پانی ملنے سے دھان کی بالیوں میں دانوں کا بھراو بہتر ہوگا، جس سے دانے ٹھوس، چمکدار اور وزنی بنیں گے۔ کھیتوں کو قدرتی طور پر پانی ملنے سے کسانوں کو اب ڈیزل پمپ یا ٹیوب ویل چلا کر مہنگی ا?بپاشی کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ اس سے کسانوں کی لاگت میں کافی حد تک بچت ہوگی۔
تیز بارش کی بوندوں سے پودوں کی قدرتی دھلائی ہو گئی ہے۔ اس سے دھان میں لگنے والے ’پتہ لپیٹ سنڈی‘ اور رس چوسنے والے نقصان دہ کیڑوں نیز پھپھوند سے پیدا ہونے والی بیماریوں کا اثر کافی کم ہو جائے گا۔ ضلع کے مقامی کسانوں نے اس بارش پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔