تاثیر 21 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
ہوڑہ، 21 ستمبر (محمد نعیم): شمالی ہوڑہ کے پیل خانہ واقع مدارتلہ لین، وارڈ نمبر 24 (سابق وارڈ نمبر 16) میں کانگریس پارٹی کے نئے دفتر کا افتتاح ہوڑہ ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر پارتھو سارتھی بھومک کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقع پر پارٹی کے متعدد مقامی عہدیداران، کارکنان اور حامی موجود تھے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پارتھو سارتھی بھومک نے پیل خانہ کے عوام پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی عوام کے مسائل کو قریب سے سمجھنے اور ان کے حل کے لیے مسلسل کام کرنے پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کا نیا دفتر مقامی لوگوں اور کانگریس کارکنان کے درمیان رابطے کا اہم مرکز ثابت ہوگا۔
انہوں نے شمالی ہوڑہ بلاک کانگریس کمیٹی کے صدر بنئے سنگھ، ہوڑہ ضلع کانگریس کمیٹی کے آرگنائزنگ صدر مولانا منصور قادری، پیل خانہ وارڈ صدر اکبر ربانی، بلاک کمیٹی کے نائب صدر محمد سلطان، انتخاب عالم، نیرج اپادھیائے، شاہنواز راج، محمد علیم، محمد خورشید اور امجد بنارسی کی عوامی خدمات اور تنظیمی سرگرمیوں کو سراہا۔
اس موقع پر مولانا منصور قادری نے کہا کہ ترنمول کانگریس کے دورِ اقتدار کے خاتمے کے بعد پارٹی کارکنان اور عام لوگوں میں بے چینی پائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں کانگریس کارکنان کو عوام کے درمیان رہ کر ان کے مسائل سننے اور ان کی آواز کو مؤثر انداز میں اٹھانے کی ضرورت ہے۔
مولانا منصور قادری نے نئے پارٹی دفتر کے افتتاح کے موقع پر شریک تمام مہمانوں اور کارکنان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے خصوصی طور پر ہوڑہ ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر پارتھو سارتھی بھومک، شمالی ہوڑہ بلاک کانگریس کمیٹی کے صدر بنئے سنگھ اور دیگر پارٹی رہنماؤں و کارکنان کا اظہارِ تشکر کیا۔

