تاثیر 04 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جموں, 04 ستمبر:جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی (جے ڈی اے) نے باہو پلازہ میں گزشتہ 23 برس سے مبینہ طور پر ختم شدہ لیز کے باوجود قائم تقریباً چھ دفاتر کو سات روز کے اندر احاطہ خالی کرنے کا حتمی نوٹس جاری کیا ہے۔جے ڈی اے کی جانب سے جاری نوٹس حاصل کرنے والے دفاتر میں بورڈ آف پروفیشنل انٹرنس ایگزامینیشنز اور رجسٹرار آف کمپنیز بھی شامل ہیں۔ جے ڈی اے کے ملازمین نے جمعرات کو باہو پلازا میں متعلقہ دفاتر کے باہر بے دخلی کے نوٹس چسپاں کیے۔
جے ڈی اے کے مطابق ساؤتھ بلاک کی چوتھی منزل پر واقع ہال کو تین سال کے لیے لیز پر دیا گیا تھا۔ لیز کی مدت دسمبر 2003 میں ختم ہوگئی، جس کے بعد مجاز اتھارٹی سے اس کی تجدید نہیں کرائی گئی۔حکام کے مطابق قانونی لیز یا اجازت کے بغیر احاطے میں موجودگی کو غیر مجاز قبضہ تصور کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں پہلے بھی بقایا کرایے اور دیگر واجبات کی ادائیگی کے لیے وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا گیا تھا اور 11 مارچ 2026 کو ذاتی سماعت کا موقع بھی دیا گیا، تاہم ادارہ اپنے قبضے کا قانونی جواز پیش نہیں کر سکا۔

