تاثیر 14 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 14 ستمبر: برکس سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے نئی دہلی آئے چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم نریندر مودی کے درمیان دو طرفہ ملاقات میں اگرچہ سرحدی تنازع کا معاملہ زیرِ بحث نہیں آیا، تاہم وزارتِ دفاع کی سالانہ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) پر چینی فوج کی تعیناتی میں نمایاں کمی آئی ہے۔
وزارتِ دفاع کی سالانہ رپورٹ کے مطابق ہندوستان اور چین کے درمیان سیاسی، سفارتی اور فوجی سطح پر ہونے والی بات چیت کے نتیجے میں شمالی سرحدوں کی صورتِ حال میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہندوستانی فوج نے شمالی سرحدوں کو محفوظ بنانے کے لیے اپنی تعیناتی مضبوط رکھی ہے، جبکہ دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتے ہوئے سفارتی اور فوجی رابطوں سے خطے میں استحکام آیا ہے۔

