تاثیر 26 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
رانچی، 26 ستمبر:مرکزی وزیر برائے خواتین و اطفال کی ترقی انّ پورنا دیوی نے کہا ہے کہ کانکنی اور معدنیات (ترقی و ضابطہ) یعنی ایم ایم ڈی آر ترمیمی قانون سے جھارکھنڈ میں سرمایہ کاری اور روزگار کے نئے مواقع بڑھیں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس سے ریاست کے نوجوانوں کو مقامی سطح پر روزگار ملنے کے امکانات بڑھیں گے اور نقل مکانی روکنے میں مدد ملے گی۔
بی جے پی کے ریاستی دفتر میں ہفتہ کو منعقدہ پریس کانفرنس میں انّ پورنا دیوی نے ایم ایم ڈی آر ترمیمی قانون کی مخالفت کرنے والی جھارکھنڈ مکتی مورچہ (جے ایم ایم)، کانگریس اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے رہنماوں کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں قانون کے حوالے سے عوام کو گمراہ اور الجھن میں ڈالنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ جھارکھنڈ معدنی وسائل سے مالا مال ریاست ہے اور ترمیم شدہ قانون کا مقصد کانکنی کے شعبے میں ٹیکس نظام کو زیادہ یکساں اور شفاف بنانا ہے۔ ان کے مطابق نیلامی کے بعد مختلف ٹیکس اور سیس عائد کیے جانے سے کاروباری افراد کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ ترمیم سے ایسی غیر یقینی صورت حال کم ہوگی اور کانکنی کے شعبے میں کاروبار کرنا آسان ہوگا۔

