تاثیر 26 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
گنٹور، 26 ستمبر: آندھرا پردیش کے گنٹور شہر میں ریلوے پھاٹک نمبر تین کو ہٹانے اور ٹریفک کو ہموار بنانے کے لیے گنٹور اور نمبور ریلوے اسٹیشنوں کے درمیان 108 کروڑ روپے کی لاگت سے چار لین والے روڈ اوور برج (آر او بی) کا ہفتہ کو سنگ بنیاد رکھا گیا۔
مرکزی وزیر مملکت برائے ریلوے و جل شکتی وی سومنا اور وزیر مملکت برائے دیہی ترقی و مواصلات پیمّاسانی چندر شیکھر نے اس منصوبے کی بنیاد رکھی۔ ریلوے کے مطابق 668 میٹر طویل اس آر او بی کی مکمل لاگت وزارت ریلوے برداشت کرے گی۔
یہ پل گنٹور-نمبور ریلوے سیکشن کے گنٹور-کرشنا کینال سیکشن میں واقع لیول کراسنگ پھاٹک نمبر تین کی جگہ لے گا۔ گنٹور شہر کی اندرونی رنگ روڈ کے قریب تعمیر ہونے والا یہ پل بس اسٹینڈ روڈ کو گورنتلا گاؤں سے براہ راست جوڑے گا۔ منصوبے کے لیے 2.9 ایکڑ زمین درکار ہوگی اور تعمیراتی کام جلد شروع ہونے کی امید ہے۔

