تاثیر 12 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
شملہ، 12 ستمبر: ہماچل پردیش میں گزشتہ چند روز سے سست پڑا مانسون ایک بار پھر سرگرم ہو گیا ہے۔ ریاست کے کئی حصوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش ہوئی ہے۔ کانگڑا ضلع کے صدر مقام دھرم شالہ میں سب سے زیادہ 87.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ شملہ میں بھی گزشتہ رات شدید بارش ہوئی اور ہفتہ کی صبح شہر میں بادل چھائے رہے۔ بارش کے باعث ریاست میں زمین کے تودے کھسکنے سے 67 سڑکیں بند ہیں اور 142 بجلی کے ٹرانسفارمر متاثر ہوئے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ سات دنوں میں شدید بارش کی وارننگ جاری نہیں کی ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر ہلکی پھلکی بارش کا امکان ہے۔
ریاستی ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق ہفتہ کی صبح تک بارش اور زمین کے تودے کھسکنے کے باعث ریاست میں 67 سڑکیں بند تھیں۔ ان میں منڈی ضلع کی 36، کْلو کی 11، کانگڑا کی 10، شملہ کی تین، سرمور کی تین، اونا کی تین اور لاہول اسپیتی کی ایک سڑک شامل ہے۔

