تاثیر 19 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نندی گرام، 19 ستمبر (محمد نعیم) ڈیموکریٹک ترنمول کانگریس کے امیدوار احتشام الحق نے 210 نندی گرام اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب کے لیے بدھ کے روز اپنا پرچۂ نامزدگی باضابطہ طور پر داخل کردیا۔ اس موقع پر پارٹی کے سینئر رہنماؤں اور حامیوں کی موجودگی میں انہوں نے اپنی سیاسی جدوجہد کے نئے سفر کا آغاز کیا۔
احتشام الحق کے پرچۂ نامزدگی داخل کرنے کے موقع پر ایم ایل اے مدن مترا، مغربی بنگال کے سابق وزیر سنیہاشیش چکرورتی، سابق ایم ایل اے نریندر ناتھ چکرورتی اور ایم ایل اے سبھاشیش داس سمیت دیگر سیاسی رہنما موجود تھے۔
پرچۂ نامزدگی داخل کرنے کے بعد احتشام الحق نے کہا کہ نندی گرام کے عوام کی حمایت اور دعاؤں کے ساتھ ان کے سیاسی سفر کا ایک نیا مرحلہ شروع ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ عوام کے مسائل اور مطالبات کو مضبوطی کے ساتھ متعلقہ فورم پر اٹھانے کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کی ترجیحات میں نندی گرام کی ترقی، عوام کے وقار کا تحفظ اور انصاف کے لیے آواز بلند کرنا شامل ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ علاقے کے عوام کی بہتر نمائندگی کے لیے مسلسل اور پوری محنت کے ساتھ کام کریں گے۔
احتشام الحق نے نندی گرام کے عوام سے تعاون اور حمایت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد ایک مضبوط اور ترقی یافتہ نندی گرام کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔

