تاثیر 19 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
دربھنگہ(فضاامام):۔ کیوٹی بلاک کے اردو مڈل اسکول، دیگھیار کو لے کر مقامی باشندوں کی شکایت پر جنتادل یونائیٹڈ، بہار کے رکن اور آل انڈیا مسلم بیداری کارواں کے قومی صدر نظرعالم نے ضلع مجسٹریٹ اور ضلع تعلیمی افسر سے فوری جانچ اور کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔نظرعالم نے کہا کہ مقامی لوگوں کے مطابق اسکول کی پرنسپل محترمہ کلپنا پاٹھک کے آنے کے بعد ادارے کی اردو شناخت اور پہلے سے چلی آ رہی کچھ انتظامات میں تبدیلی کی گئی ہے۔ مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ اسکول کی مہر سے ’اردو‘ لفظ ہٹا دیا گیا ہے اور پہلے جمعہ کے دن ہونے والی چھٹی کو اتوار کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں کا یہ بھی الزام ہے کہ اسکول کے قواعد و ضوابط میں کی جانے والی ان تبدیلیوں میں بلاک ایجوکیشن آفیسر (BEO) کا تعاون حاصل ہے۔نظرعالم نے کہا کہ اردو بہار کی دوسری سرکاری زبان ہے، ایسے میں اردو میڈیم اسکول کی سرکاری شناخت میں تبدیلی کا معاملہ سنجیدگی سے جانچ کا متقاضی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر مجاز محکمہ جاتی حکم کے بغیر اسکول کی مہر اور تعطیل کے نظام میں تبدیلی کی گئی ہے تو یہ فیصلہ کس بنیاد پر لیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ مقامی باشندوں کی جانب سے اس سلسلے میں پہلے بھی متعلقہ محکمہ کو تحریری شکایت دی جاچکی ہے، لیکن اب تک کوئی ٹھوس کارروائی نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ پورے معاملے کی غیر جانب دارانہ جانچ کرائی جائے اور یہ واضح کیا جائے کہ مذکورہ تبدیلیاں کس حکم کے تحت کی گئیں۔نظرعالم نے ضلع تعلیمی افسر سے مطالبہ کیا ہے کہ اگر جانچ میں یہ تبدیلیاں ضابطوں کے خلاف پائی جاتی ہیں تو 24 گھنٹے کے اندر ضروری اصلاح کرائی جائے اور ذمہ دار افسر یا اہلکار کی جواب دہی طے کرتے ہوئے کارروائی کی جائے۔

