وارانسی میں سیلاب کی صورتحال پر وزیر اعظم مودی نے لیا اپ ڈیٹ، ڈی ایم اور میئر سے کی بات

تاثیر 03 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

وارانسی، 03 ستمبر: وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے پارلیمانی حلقے وارانسی میں سیلاب اور راحت کاری کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے انتظامات کی معلومات حاصل کی ہیں۔ جمعرات کو وزیر اعظم مودی نے ضلع مجسٹریٹ ستیندر کمار اور میئر اشوک تیواری سے الگ الگ ٹیلی فون پر بات چیت کرکے سیلاب کی صورتحال کے بارے میں معلومات لیں۔
ضلع مجسٹریٹ ستیندر کمار نے وزیر اعظم مودی کو وارانسی میں سیلاب کی صورتحال کے بارے میں تفصیلی معلومات دیں۔ وزیر اعظم نے اس دوران ضلع مجسٹریٹ سے دریا کے پانی کی سطح کے ساتھ ساتھ راحت کیمپوں میں فراہم کی جا رہی سہولیات کے بارے میں بھی تفصیل سے معلومات حاصل کیں۔
اتر پردیش کے وارانسی میں گنگا اور ورونا ندیوں کی سطح آب میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ مرکزی آبی کمیشن کی راج گھاٹ گیج سائٹ کے مطابق جمعرات کو دوپہر 12 بجے تک یہاں گنگا کی سطح آب 70.60 میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ خطرے کا نشان 71.26 میٹر ہے۔ پانی کی سطح میں فی گھنٹہ ایک سینٹی میٹر کا اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔