تاثیر 03 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سہرسہ(سالک کوثر امام)چلڈرن پبلک اسکول ایسوسی ایشن کے قومی صدر شمائل احمد نے بدھ کی شب سہرسہ میں کوسی گریجویٹ حلقہ کے ایم ایل سی انتخابات 2026 میں ایسوسی ایشن کی جانب سے امیدوار اتارنے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر پٹواہا واقع دہلی پبلک اسکول میں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ ایسوسی ایشن نے ڈاکٹر وندنا کماری کو اپنا امیدوار نامزد کیا ہے، جو ایک معروف اسکول کی پرنسپل ہیں اور انہیں تعلیم یافتہ، متحرک اور باصلاحیت خاتون کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔
شمائل احمد نے کہا کہ 2009 میں رائٹ ٹو ایجوکیشن ایکٹ منظور ہوا تھا، جو 2010 میں پورے ملک میں اور 2011 میں بہار میں نافذ کیا گیا۔ ان کے مطابق آر ٹی ای ایکٹ کے نفاذ کے بعد نجی اسکولوں کو متعدد مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جس کے خلاف پرائیویٹ اسکول کے منتظمین متحد ہوئے۔ اس جدوجہد میں پرائیویٹ اسکول اینڈ چلڈرن ویلفیئر ایسوسی ایشن نے اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ایسوسی ایشن اب قومی سطح پر وسیع ہو چکی ہے اور اس سے دو لاکھ سے زائد اراکین وابستہ ہیں، جبکہ بہار میں بھی 25 ہزار سے زیادہ ارکان تنظیم کا حصہ ہیں۔ مختلف قومی اجلاسوں میں اراکین کی جانب سے مسلسل یہ مطالبہ کیا جاتا رہا ہے کہ نجی اسکولوں اور تعلیمی شعبے سے وابستہ افراد کی آواز اسمبلی اور قانون ساز کونسل تک پہنچنی چاہیے۔
قومی صدر کے مطابق حیدرآباد میں منعقدہ قومی کانفرنس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ ایسوسی ایشن 2026 کے کوسی گریجویٹ ایم ایل سی انتخابات میں اپنا امیدوار میدان میں اتارے گی۔ اس کے بعد مدھے پورہ میں کوسی گریجویٹ حلقہ کے 14 اضلاع کے ایسوسی ایشن صدور کی میٹنگ ہوئی، جس میں ڈاکٹر وندنا کماری کو امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
شمائل احمد نے دعویٰ کیا کہ کوسی گریجویٹ حلقہ کے 14 اضلاع میں تقریباً 7 سے 8 ہزار نجی اسکول ہیں، جہاں ایسوسی ایشن سے وابستہ تقریباً 70 سے 80 ہزار گریجویٹ ووٹرز موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان ووٹروں سے رابطہ اور گفت و شنید کا سلسلہ جاری ہے اور ایسوسی ایشن کو امید ہے کہ اس کی امیدوار دیگر امیدواروں کے مقابلے میں بہتر متبادل ثابت ہوں گی۔ انہوں نے موجودہ ایم ایل سی کے تئیں لوگوں میں ناراضگی کا بھی دعویٰ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن کا بنیادی مقصد نجی اسکولوں، اساتذہ، تعلیمی اداروں اور تعلیم کے شعبے سے وابستہ افراد کی آواز کو قانون ساز کونسل تک پہنچانا ہے۔ انتخاب کے پیش نظر 14 اہم مسائل کو انتخابی منشور میں شامل کیا گیا ہے۔ اگر ڈاکٹر وندنا کماری کامیاب ہوکر ایوان تک پہنچتی ہیں تو ان مسائل کے حل کے لیے حکومت کے سامنے مضبوطی سے آواز اٹھائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ترجیحی بنیاد پر تین ماہ کے اندر ان مسائل پر کارروائی شروع کرانے کی کوشش کی جائے گی۔
اس موقع پر ایسوسی ایشن کی جانب سے ایک اہم سماجی پہل کا بھی اعلان کیا گیا۔ شمائل احمد نے بتایا کہ پرائیویٹ اسکول اینڈ چائلڈرن ویلفیئر ایسوسی ایشن سہرسہ کے 100 غریب بچوں کو میڈیکل اور انجینئرنگ کی تیاری کرائے گی۔ منتخب بچوں کو گیارہویں اور بارہویں جماعت کی تعلیم کے ساتھ میڈیکل اور انجینئرنگ کے مسابقتی امتحانات کی تیاری کے لیے پٹنہ بھیجا جائے گا۔
بچوں کے انتخاب کی ذمہ داری سہرسہ ضلع صدر کو دی گئی ہے۔ منتخب طلبہ پٹنہ میں رہ کر دو سال تک تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ مسابقتی امتحانات کی تیاری کر سکیں گے۔ اس اعلان کو غریب اور باصلاحیت طلبہ کے لیے ایک اہم تعلیمی اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔

