تاثیر 12 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سیوان، 12 ستمبر:سیوان ضلع کے گتھنی تھانے کی پولیس نے ہفتہ کی صبح سریکالپور چیک پوسٹ پر ایک بڑی کارروائی کی اور چوکر سے لدے ٹرک میں چھپائے گئے کوڈین کف سیرپ کے 190 کارٹنوں کی بڑی کھیپ ضبط کر لی۔ مجموعی طور پر برآمد ہونے والے سیرپ کی 28,500 بوتلیں ہیں جن کے بارے میں خیال ہے کہ یہ ای اسکوف برانڈ کی ہے۔ پولیس کی کارروائی کا علم ہونے پر ٹرک ڈرائیور، کنڈکٹر اور دیگر موقع سے فرار ہوگئے۔ بتایا جاتا ہے کہ ہفتہ کی صبح ایک آئیشر ٹرک سریکالپور چیک پوسٹ پر پہنچا۔ ٹرک میں سوار افراد نے پولیس کو اطلاع دی کہ ٹرک میں چوکر بھری ہوئی تھی۔ مشکوک ہونے پر پولیس نے ٹرک کی تفتیش شروع کر دی۔ دوران تفتیش ڈرائیور،کنڈکٹر اور دیگر موقع سے فرار ہوگئے۔

