بنگال میں جے ایم بی نیٹ ورک کا شبہ، این آئی اے نے پانچ مقامات پر تلاشی مہم چلائی

تاثیر29 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

کولکاتا، 29 ستمبر: پابندی یافتہ بنگلہ دیشی دہشت گرد تنظم جماعت المجاہدین بنگلہ دیش (جے ایم بی) سے وابستہ نیٹ ورک اور مبینہ سلیپر سیل تیار کیے جانے کے خدشے کے درمیان قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے منگل کو مغربی بنگال کے پانچ مقامات پر بیک وقت تلاشی مہم چلائی۔ یہ کارروائی آسام میں درج بین الاقوامی دہشت گردی سے متعلق ایک معاملے کی تحقیقات کے سلسلے میں کی گئی۔
این آئی اے کی ٹیمیں جنوبی دیناج پور کے بنشی ہاری، جنوبی 24 پرگنہ کے ڈائمنڈ ہاربر، مشرقی بردھمان سمیت پانچ مقامات پر پہنچیں۔ کارروائی کے دوران پولیس کی بھی مدد لی گئی۔ اسی معاملے سے متعلق آسام اور کیرالہ میں بھی بعض مقامات پر تلاشی مہم چلائے جانے کی اطلاع ہے۔
بتایا گیا ہے کہ آسام میں گزشتہ ہفتے گرفتار کیے گئے ایک نوجوان سے پوچھ گچھ کے دوران مبینہ طور پر جے ایم بی سے وابستہ رابطوں کے بارے میں معلومات حاصل ہوئی تھیں۔ اس کے بعد اس کے لیپ ٹاپ اور دیگر دستاویزات کی جانچ میں مغربی بنگال کے کچھ نوجوانوں کے ذریعے سوشل میڈیا کے ذریعہ ریاست میں مبینہ جے ایم بی ماڈیول کو فعال کرنے کی کوشش سے متعلق سراغ ملنے کا دعویٰ کیا گیا۔ انہی معلومات کی بنیاد پر منگل کو مختلف مقامات پر تلاشی لی گئی۔