تاثیر 16 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
مرزاپور، 16 ستمبر: اتر پردیش کے مرزاپور میں کٹرا کوتوالی علاقے کے شاستری پل سے منگل کی شام گنگا میں چھلانگ لگانے والی خاتون تقریباً 12 گھنٹے بعد بدھ کی صبح چنار کے قریب دریا میں بحفاظت مل گئی۔ گنگا میں مچھلی پکڑنے والے ماہی گیروں نے اسے بہتے ہوئے دیکھا اور دریا سے باہر نکال کر اس کا علاج کرایا۔ خاتون کے محفوظ ملنے کی اطلاع پر اہل خانہ نے راحت کی سانس لی۔
کٹرا کوتوالی علاقے کے چھوٹی بسہی کی رہنے والی 38 سالہ سنیتا ساہنی نے پولیس کو بتایا کہ اس کا شوہر گجرات کے جام نگر میں رہتا ہے۔ منگل کی شام تقریباً چار بجے موبائل فون پر بات چیت کے دوران اس نے دوا کے لیے رقم بھیجنے کو کہا تھا۔ خاتون کے مطابق، شوہر نے رقم بھیجنے سے انکار کرتے ہوئے مبینہ طور پر کہا کہ اس کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے اور وہ جا کر مر جائے۔
شوہر کی بات سے دلبرداشتہ ہو کر سنیتا گھر سے نکل گئی اور تقریباً شام پانچ بجے شاستری پل سے گنگا میں چھلانگ لگا دی۔ واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس اس کی تلاش میں مصروف تھی۔ بدھ کی صبح تقریباً پانچ بجے چنار علاقے میں گنگا میں مچھلی پکڑنے والے گنیش ساہنی، رام بابو ساہنی اور رنجیت ساہنی کی نظر دریا میں بہتی ہوئی خاتون پر پڑی۔ تینوں نے اسے باہر نکالا اور اپنے گھر لے جا کر ڈاکٹر کو بلا کر ابتدائی علاج کرایا۔

