تاثیر 13 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 13 ستمبر: بین شیلٹن اب یو ایس اوپن 2026 کا خطاب جیت کر تاریخ رقم کرنے سے صرف ایک قدم دور ہیں۔ امریکی ٹینس اسٹار شیلٹن کا فائنل میں مقابلہ ٹاپ سیڈ الیگزینڈر زویریو سے ہوگا۔ اگر شیلٹن یہ مقابلہ جیت جاتے ہیں تو وہ 23 سال بعد یو ایس اوپن مردوں کے سنگلز کا خطاب جیتنے والے پہلے امریکی کھلاڑی بن جائیں گے۔ فائنل مقابلہ آج رات 11:30بجے سے کھیلا جائے گا۔
شیلٹن نے سیمی فائنل میں ہم وطن فرانسس ٹیافو کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔ اب پہلی گرینڈ سلیم ٹرافی ان کے بہت قریب ہے اور شیلٹن اس موقع کو لے کر پوری طرح پْرجوش ہیں۔
جیو اسٹار کی جانب سے جاری کیے گئے ایک انٹرویو میں شیلٹن نے فائنل کے بارے میں کہا کہ وہ مکمل طور پر تیار ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’میں کورٹ پر اپنا سب کچھ جھونک دوں گا۔ جیتوں یا ہاروں، مجھے اپنی کارکردگی اور اب تک کے سفر پر فخر رہے گا۔ لیکن یہی میرا خواب ہے۔ میں اسی کے لیے کھیل رہا ہوں۔ خواب اب میرے سامنے ہے اور میں اپنی کوشش میں کوئی کمی نہیں چھوڑوں گا۔‘‘

