تاثیر 22 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
سنگھواڑہ دربھنگہ (محمد مصطفیٰ) اپگریڈ مڈل ہائی اسکول ارئی بردی پور میں منگل کو امتحان ختم ہونے کے بعد طلبہ کے دو گروپوں کے درمیان زبردست مارپیٹ ہوئی۔ تقریباً ایک گھنٹے تک اسکول احاطے میں افراتفری کا ماحول بنا رہا۔ طلبہ کو پرسکون کرانے کے دوران ایک استاد کے ہاتھ میں بھی چوٹ لگ گئی۔پرنسپل عارفہ نوصبا نے بتایا کہ اسکول میں نویں اور دسویں جماعت کے سائنس اور سماجی سائنس کے امتحانات دو شفٹوں میں منعقد کیے جا رہے ہیں۔ منگل کو امتحان میں تقریباً 700 طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ دوسری شفٹ کا امتحان ختم ہوتے ہی اسکول احاطے میں ہنگامہ شروع ہوگیا۔ باہر نکل کر دیکھا گیا تو بڑی تعداد میں طلبہ آپس میں مارپیٹ کر رہے تھے۔ اسکول میں موجود 14 اساتذہ نے کافی مشقت کے بعد مشتعل طلبہ کو احاطے سے باہر نکالا۔واقعے کی اطلاع 112 پر فون کرکے دی گئی، لیکن گاڑی موقع پر نہیں پہنچی۔ اس کے بعد اساتذہ نے طلبہ کو سمجھا بجھا کر پرسکون کیا۔ پرنسپل نے بتایا کہ مارپیٹ کی وجوہات کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔ واقعے کی جانچ کے بعد ملوث طلبہ کے خلاف اسکول انتظامیہ کی سطح سے کارروائی کی جائے گی سابق مکھیا لطیف الرحمن نے اسکول انتظامیہ پر لاپروائی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اسکول میں طلبہ کے درمیان اکثر تنازع کی صورت حال پیدا ہوتی رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکول انتظامیہ کی جانب سے مناسب کنٹرول نہ ہونے کی وجہ سے کسی دن بڑا واقعہ پیش آ سکتا ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ تقریباً ایک گھنٹے تک اسکول احاطہ میدانِ جنگ بنا رہا اور دونوں گروپوں کے طلبہ کے درمیان مارپیٹ ہوتی رہی۔ادھر، بی ای او ونود کمار نے بتایا کہ انہیں واقعے کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ معاملے کی معلومات حاصل کرنے کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی

