تاثیر 06 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
بھاگلپور، 6 ستمبر:۔ تلکا مانجھی بھاگلپور یونیورسٹی (ٹی ایم بی یو) احاطہ پر اب بڑھتی ہوئی گنگا ندی کے خوفناک اثرات واضح طور پر دکھائی دے رہے ہیں۔ زیریں اور دیارہ کے علاقوں میں تباہی مچانے کے بعد سیلاب کے پانی یونیورسٹی کی انتظامی عمارت میں داخل ہوگیا ہے۔ احاطہ کی مرکزی سڑکوں پر تین سے چار فٹ تک گہرا پانی بہہ رہا ہے، جس سے یونیورسٹی کا بیرونی دنیا سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے اور ٹریفک مکمل طور پر متاثر ہو رہی ہے۔ صورتحال اس قدر مخدوش ہو چکی ہے کہ انتظامی عمارت کے مرکزی دروازے سے سینیٹ ہال تک کا پورا علاقہ تین سے چار فٹ پانی میں ڈوبا ہوا ہے۔ کیمپس میں پانی کی مسلسل بڑھتی ہوئی سطح افسران، ملازمین اور کام کے لیے کیمپس آنے والے عوام کے لیے خاصی مشکلات کا باعث بن رہی ہے۔سیلاب کے پانی نے یونیورسٹی احاطہ کے ایک بڑے حصے کو تیزی سے اپنی زد میں لے لیا ہے۔ بڑھتی ہوئی سنگین صورتحال کے درمیان یونیورسٹی انتظامیہ کو انتظامی کارروائیوں کو برقرار رکھنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ احاطے کے اندر پانی پھیل جانے کے بعد ہر طرف افراتفری کا ماحول ہے۔

