تاثیر 16 ستمبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 16 ستمبر: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے مغربی بنگال اور مدھیہ پردیش سے متعلق دو الگ الگ معاملات میں کارروائی کی ہے۔ ای ڈی کے کولکاتا علاقائی دفتر نے امرت گروپ کی کمپنیوں سے وابستہ ڈائریکٹروں اور پروموٹروں کے کولکاتا اور اندور میں واقع 17 رہائشی اور دفتری احاطوں پر انسدادِ منی لانڈرنگ قانون کے تحت تلاشی اور ضبطی کی کارروائی کی ہے۔ وہیں، اراضی پر قبضے، دستاویزات میں جعل سازی اور زمین کے ریکارڈ میں ہیرا پھیری کے معاملے میں ای ڈی نے منگل کی رات امت گانگولی کو گرفتار کیا ہے۔
ای ڈی کے مطابق، امرت گروپ کی کمپنیوں اور اس کے ڈائریکٹروں نے مختلف ڈپازٹ اسکیموں کے نام پر عام لوگوں سے خطیر رقم جمع کی۔ سرمایہ کاروں کو زیادہ منافع دینے کا یقین دلایا گیا تھا، لیکن مبینہ طور پر کیا گیا وعدہ پورا نہیں کیا گیا اور منافع واپس نہیں لوٹایا گیا۔ اسی معاملے میں گروپ سے وابستہ کے سی دجاری، کالی کشور باگچی سمیت دیگر ڈائریکٹروں اور پروموٹروں کے احاطوں پر تلاشی و ضبطی کی کارروائی کی جا رہی ہے۔ یہ کارروائی کولکاتا اور اندور میں واقع کل 17 رہائشی اور دفتری احاطوں میں کی گئی ہے۔

