صارفین کے 16 لاکھ 64 ہزار روپے میں خرد برد کا الزام، ملزم کے گھر پولیس نے اشتہار چسپاں کیا

تاثیر27 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

سنگھواڑہ دربھنگہ( محمد مصطفٰی اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے کسٹمر سروس سینٹر کے ذریعے صارفین کے کھاتوں سے مبینہ طور پر غیر قانونی رقم نکالنے اور رقم جمع کیے بغیر رسید جاری کرنے کے معاملے میں فرار ملزم کے گھر پولیس نے اشتہار چسپاں کیا ہے۔ یہ کارروائی سمری تھانہ حلقے کے سمری گاؤں کے رہنے والے راجیش کمار پاسوان کے خلاف کی گئی ہے۔ ملزم پر صارفین کی مجموعی طور پر 16 لاکھ 64 ہزار روپے کی رقم میں خرد برد کرنے کا الزام ہے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق، راجیش کمار پاسوان سمری میں اسٹیٹ بینک آف انڈیا کا کسٹمر سروس سینٹر چلاتا تھا۔ اس مرکز کے ذریعے لین دین کرنے والے 15 صارفین نے سنگھواڑہ واقع اسٹیٹ بینک کی شاخ میں شکایت درج کرائی تھی۔ شکایت میں الزام لگایا گیا تھا کہ صارفین کی جانکاری کے بغیر ان کے کھاتوں سے رقم نکال لی گئی اور بعض صارفین سے رقم لینے کے باوجود ان کے کھاتوں میں جمع نہیں کی گئی، لیکن رسید جاری کر دی گئی۔ شکایات کے مطابق، خرد برد کی مبینہ رقم مجموعی طور پر 16 لاکھ 64 ہزار روپے ہے۔اس معاملے میں سموردھی انکلوسیو گروتھ نیٹ ورک پرائیویٹ لمیٹڈ کے سینئر ٹیم سپروائزر امر چودھری نے سمری تھانے میں درخواست دے کر کسٹمر سروس سینٹر کے منتظم کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے قانونی کارروائی کرنے کی اپیل کی تھی۔ شکایت کے مطابق، ملزم بغیر کسی پیشگی اطلاع کے کسٹمر سروس سینٹر بند کرکے فرار ہو گیا تھا۔اس معاملے میں سمری تھانہ مقدمہ نمبر 30/25، مورخہ 7 فروری 2025 کے تحت ایف آئی آر درج ہے۔ مطلوب ملزم راجیش کمار پاسوان، والد لالا پاسوان، ساکن سمری، وارڈ نمبر ایک کے گھر پر منگل کو تھانہ انچارج اروند کمار اور ایڈیشنل تھانہ انچارج ششی شنکر کمار نے پولیس فورس کے ساتھ پہنچ کر اشتہار چسپاں کیا۔ پولیس معاملے میں مزید قانونی کارروائی کر رہی ہے