پنجاب میں منشیات اور منظم جرائم پر امت شاہ نے بھگونت مان حکومت سے جواب طلب کیا

تاثیر16 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 16 اکتوبر: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے پنجاب میں منشیات کے کاروبار، گینگ وار اور منظم جرائم کے بڑھتے ہوئے خطرات کو لے کر جمعہ کے روز بھگونت مان حکومت کو نشانہ بنایا اور ریاست میں امن و قانون کی صورت حال پر سوالات اٹھائے۔امت شاہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ پنجاب آج منشیات، گینگ وار اور منظم جرائم کے بڑھتے ہوئے خطرات سے دوچار ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ بھگونت مان حکومت کے سامنے سب سے بڑا چیلنج یہ ہے کہ آخر پنجاب کے عوام کی حفاظت کی ذمہ داری کون نبھائے گا۔
مرکزی وزیر داخلہ نے دربا میں ایک والد کے دباؤ میں زہر کھانے اور مانسا میں منشیات کے خلاف آواز اٹھانے والے پرویندر سنگھ جھوٹا کے دن دہاڑے قتل کے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان واقعات نے پنجاب میں امن و قانون کی صورت حال پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ پرویندر کے والد نے عام آدمی پارٹی(عآپ) کی حکومت اور اس کے ایک رکن اسمبلی پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ امت شاہ نے کہا کہ وزارت داخلہ بھی ان دونوں واقعات پر پنجاب حکومت سے جواب طلب کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں منشیات کا کاروبار پھل پھول رہا ہے، منظم جرائم کا خطرہ بڑھ رہا ہے اور منشیات کے خلاف آواز اٹھانے والوں کی حفاظت پر بھی سوالات پیدا ہو رہے ہیں۔