تاثیر22 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 22 اکتوبر:مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعرات کو شیام وہار میں منعقدہ ایک پروگرام کے دوران جمنا ندی کی بحالی کے لیے دہلی جل بورڈ (ڈی جے بی) کے 43 منصوبوں کا افتتاح اور سنگِ بنیاد رکھا۔ ان منصوبوں کی مجموعی لاگت 8,941 کروڑ روپے ہے۔ ان میں 2,827.11 کروڑ روپے کے 10 منصوبوں کا افتتاح اور 6,114.11 کروڑ روپے کے 33 منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھنا شامل ہے۔
امت شاہ نے کہا کہ جمنا کو صاف کرکے وہ 2029 میں ووٹ مانگنے آئیں گے۔ کانگریس اور عام آدمی پارٹی نے گزشتہ 30 برسوں کے دوران جمنا میں گٹر کا پانی اور گوبر بہانے کا کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج جمنا کو صاف کرنے کے مقصد سے تقریباً 9,000 کروڑ روپے کے منصوبوں کا افتتاح اور سنگِ بنیاد رکھا گیا ہے۔ یہ منصوبے جمنا کی صفائی کے لیے ریڑھ کی ہڈی ثابت ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ دہلی میں حکومت بننے کے فوراً بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے پہلے ہی مہینے ایک اہم میٹنگ طلب کی تھی۔ اس میں انہوں نے دہلی حکومت اور وزارت داخلہ کے سامنے جمنا کو صاف کرنے کا اپنا وژن پیش کیا تھا۔ اتنے کم وقت میں ہم اس ہدف کی جانب 40 فیصد سے زیادہ سفر طے کرچکے ہیں۔

