تاثیر10 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
جموں, 10 اکتوبر:بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینکڑوں کارکنوں نے ہفتہ کے روز جموں میں کانگریس کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی کا پتلا نذرِ آتش کیا اور ان سے استعفے کا مطالبہ کیا۔
بی جے پی خواتین ونگ کی جانب سے منعقدہ احتجاج کی قیادت جموں و کشمیر بی جے پی کے صدر ست شرما نے کی۔ اس موقع پر پارٹی کے متعدد اراکین اسمبلی اور سابق وزیر پریا سیٹھی بھی موجود تھیں۔
احتجاجی کارکنان وزارات روڈ پر ڈپٹی کمشنر کے دفتر کے قریب جمع ہوئے اور ریزیڈنسی روڈ کی جانب مارچ کرنے لگے۔ وہ کانگریس کے دفتر کے باہر مظاہرہ کرنا چاہتے تھے، تاہم پولیس نے انہیں آگے بڑھنے سے روک دیا، جس کے بعد بی جے پی رہنماؤں اور کارکنوں نے دھرنا دیا اور راہل گاندھی کا پتلا نذرِ آتش کیا۔
ست شرما نے کانگریس کو خواتین مخالف قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ پارٹی خواتین کو قانون ساز اداروں میں 33 فیصد ریزرویشن فراہم کرنے کے مجوزہ قانون کی مخالفت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی خواتین کی سیاسی نمائندگی بڑھانے کے حق میں ہے۔

