تاثیر24 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
کونڈاگاؤں، 24 اکتوبر: چھتیس گڑھ کے کونڈاگاؤں ضلع میں ایک تیز رفتار بولیرو گاڑی بے قابو ہوکر درخت سے ٹکرا گئی۔ اس حادثے میں فوج کے ایک جوان کی موت ہوگئی، جبکہ ایک دیگر فوجی جوان سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں ایک کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق، یہ حادثہ جمعہ کی رات تقریباً 10:30 بجے فرس گاؤں تھانہ علاقے کے گٹّی پلنا موڑ پر پیش آیا۔ بولیرو میں سوار سات افراد دسہرہ تقریب دیکھنے کے لیے گرام پانڈے آٹھ گاؤں جارہے تھے۔ اسی دوران موڑ پر تیز رفتار گاڑی بے قابو ہوگئی اور سڑک کے کنارے ایک درخت سے ٹکرا گئی۔
حادثے میں پلّی گاؤں کے رہنے والے فوجی جوان سندر لال نیتام، ولد سُبی لال نیتام، کی موت ہوگئی، جبکہ فوجی جوان منیش نیتام شدید زخمی ہوگئے۔ گاڑی میں سوار پانچ دیگر افراد بھی زخمی ہوئے ہیں۔زخمیوں کی شناخت نند لال نیتام، دنیش نیتام، سونیش مرکام، تیج لال نیتام، جو سبھی پلّی گاؤں کے رہنے والے ہیں، اور الور گاؤں کے رہنے والے پردیشی کورّام کے طور پر ہوئی ہے۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی سڑک تحفظ کمیٹی کے ارکان اور پولیس موقع پر پہنچ گئے۔ مقامی لوگوں کی مدد سے گاڑی میں پھنسے زخمیوں کو باہر نکالا گیا اور ایمبولینس کے ذریعے فرس گاؤں اسپتال پہنچایا گیا۔ دو شدید زخمیوں کو ضلع اسپتال ریفر کیا گیا ہے، جبکہ دیگر زخمیوں کا علاج فرس گاؤں اسپتال میں جاری ہے۔فرس گاؤں تھانے کے انچارج نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی تھی۔ مقامی دیہاتیوں اور سڑک تحفظ کمیٹی کے تعاون سے زخمیوں کو بروقت اسپتال پہنچایا گیا۔

