اقتدار کی تبدیلی اپوزیشن کی جمہوری ذمہ داری ہے، اس میں غلط کیا ہے؟ پون کھیڑا

تاثیر16 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 16 اکتوبر: کانگریس نے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کے ’رجیم چینج‘ سے متعلق بیان پر جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات کے ذریعے اقتدار کی تبدیلی اپوزیشن کا جمہوری حق اور ذمہ داری ہے۔ کانگریس کے شعبہ میڈیا کے سربراہ اور راجیہ سبھا کے رکن پون کھیڑا نے کہا کہ اپوزیشن کا کام حکومت کی مخالفت کرنا، اس کی پالیسیوں کی خامیوں کو بے نقاب کرنا اور جمہوری طریقے سے اقتدار کی تبدیلی کی کوشش کرنا ہے۔
پون کھیڑا نے جمعرات کو یہاں کانگریس ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے ذریعے حکومت بدلنا جمہوریت کا معمول اور ایک جائز حصہ ہے، لیکن بی جے پی کے رہنماؤں کو اس پر اعتراض ہے، کیونکہ اب انہیں جمہوری سوالات کا سامنا کرنے کی عادت نہیں رہی۔انہوں نے کہا کہ سابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی نے بھی کہا تھا کہ اپوزیشن کا فرض ہے کہ وہ حکومت کی مخالفت کرے، اس کی خامیوں کو اجاگر کرے اور اگر ممکن ہو تو اسے اقتدار سے باہر کردے۔ پون کھیڑا کے مطابق، کانگریس بھی یہی کررہی ہے۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر اقتدار کی تبدیلی کی بات کرنا غلط ہے تو بی جے پی واضح کرے کہ کیا اپوزیشن کا انتخابات لڑنا، احتجاج کرنا اور اقتدار کی تبدیلی کی بات کرنا ملک مخالف یا غیر قانونی ہے؟
کانگریس لیڈر نے الزام لگایا کہ بی جے پی حکومت سوالات کے جواب دینے کے بجائے سوال اٹھانے والوں پر ہی الزامات لگانے لگتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کئی دنوں سے لوگ احتجاج کررہے ہیں اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے حوالے سے سوالات اٹھا رہے ہیں، لیکن الیکشن کمیشن کے بجائے مرکزی حکومت کی جانب سے جواب دیے جارہے ہیں۔پون کھیڑا نے سوال کیا کہ گیانیش کمار کو عہدے سے ہٹانے کے مطالبے پر حکومت اپنی پوزیشن واضح کیوں نہیں کررہی ہے؟