وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے دہلی یونیورسٹی میں صفائی مہم کا آغاز کیا

تاثیر1 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، یکم اکتوبر: دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے جمعرات کو دہلی یونیورسٹی (ڈی یو) میں ملک گیر ’سوچھتا ہی سیوا 2026‘ مہم کا آغاز کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے یونیورسٹی کے اساتذہ، طلبہ، قومی خدمت اسکیم (این ایس ایس) کے رضاکاروں اور افسران کے ساتھ صفائی مہم میں حصہ لیا۔ مہم کے تحت ڈی یو کیمپس سے کملہ نہرو رج (بونٹا) تک صفائی کی گئی اور شرکا نے صفائی کا حلف لیا۔
مہم کا آغاز صبح 7:30 بجے گوئیر ہال ہاسٹل کے قریب واقع گول چکر سے ہوا۔ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا اپنی ٹیم کے ساتھ پی جی مینز ہاسٹل اور یونیورسٹی گیسٹ ہاؤس سے ہوتے ہوئے کملا نہرو رج کی جانب بڑھیں۔ اس دوران پورے راستے میں صفائی مہم چلائی گئی۔ یونیورسٹی کیمپس کے ساتھ گیٹ نمبر ایک کے سامنے واقع کملا نہرو رج کو بھی مہم میں شامل کیا گیا۔
پروگرام میں دہلی یونیورسٹی ساؤتھ کیمپس کی ڈائریکٹر پروفیسر رجنی ابّی، کالج آف اوپن لرننگ (سی او ایل) کی ڈائریکٹر پروفیسر پائل ماگو، میونسپل کارپوریشن کے شمالی زون کی ڈپٹی کمشنر شویتا ناگرکوٹی، رکن اسمبلی سوریہ پرکاش کھتری، دہلی کے سابق میئر راجا اقبال سنگھ اور گاندھی بھون کے ڈائریکٹر پروفیسر کے پی سنگھ سمیت یونیورسٹی کے اساتذہ، افسران، ملازمین اور ڈوسو عہدیداران موجود تھے۔ بڑی تعداد میں طلبہ اور این ایس ایس رضاکاروں نے بھی مہم میں شرکت کی۔ میونسپل کارپوریشن کے افسران اور ملازمین بھی اس موقع پر موجود رہے۔