لداخ میں پہلی زعفران کی فصل کی کاشت شروع کی گئی

تاثیر2 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

جموں, 02 اکتوبر:لداخ میں پہلی بار زعفران کی کاشت کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ کی ہدایت پر فصلوں میں تنوع لانے اور کسانوں کی آمدنی بڑھانے کے مقصد سے لیہہ کے سپیتوک پھارکا میں تقریباً 4000 مربع میٹر اراضی پر ایرانی زعفران کے 90 ہزار کورم لگائے گئے ہیں۔تقریباً 800 کلوگرام اعلیٰ معیار کے زعفران کورم ایسی اراضی پر لگائے گئے ہیں جو تین ماہ قبل تک بنجر تھی۔ اس زمین کو پروجیکٹ ہِم سروور کے تحت بحال کرکے کاشت کے قابل بنایا گیا ہے۔
زعفران کی یہ پائلٹ کاشت کمانڈ ایریا گیٹ نمبر 27 پر شروع کی گئی ہے۔ زرعی ماہرین کے مطابق استعمال کیے گئے کورم اعلیٰ معیار کے ہیں اور ان سے اچھی مقدار میں زعفران کی پیداوار متوقع ہے۔لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ نے کہا کہ لداخ کے بلند پہاڑی موسمی حالات میں زعفران جیسی اعلیٰ قیمت والی فصل کی کاشت مقامی معیشت کو مضبوط بنانے اور کسانوں کی آمدنی میں اضافے کے نئے مواقع پیدا کر سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس تجربے سے بنجر زمین کو پیداواری اثاثوں میں تبدیل کرنے کے امکانات بھی سامنے آئیں گے۔