ہمدردی اور خدمت کے جذبے کے ساتھ کام کریں ڈاکٹر، دور دراز علاقوں میں خدمات انجام دینے سے پیچھے نہ ہٹیں: صدر جمہوریہ

تاثیر6 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

شملہ، 06 اکتوبر: صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے ڈاکٹروں سے اپیل کی ہے کہ وہ طبی پیشے کو صرف روزی روٹی کا ذریعہ نہ سمجھیں بلکہ اسے ہمدردی، حساسیت اور بے لوث خدمت کا وسیلہ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کا رویہ ایسا ہونا چاہیے جس سے مریضوں کو اپنائیت کا احساس ہو اور ادارے کی ساکھ میں اضافہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کو خدا کا درجہ دیا جاتا ہے اور انسانیت کی خدمت ان کا بنیادی مقصد ہونا چاہیے۔صدر جمہوریہ نے منگل کو آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) بلاسپور کی پہلی کانووکیشن تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے ایمس بلاسپور کے پہلے بیچ کے 89 زیرِ تربیت ڈاکٹروں کو ڈگریاں عطا کیں اور پانچ ہونہار طلبہ کو سونے کے تمغوں سے نوازا۔ انہوں نے پہلے بیچ کے تمام کامیاب طلبہ اور سونے کے تمغہ حاصل کرنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس ادارے کے پہلے بیچ کا حصہ بننا ان کے لیے فخر اور ایک تاریخی لمحہ ہے۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ ڈاکٹروں کا بنیادی فرض بیماری کی درست تشخیص اور اس کا علاج کرنا ہے، لیکن اس کے ساتھ مریض کے تئیں حساسیت اور ہمدردی کا جذبہ بھی ضروری ہے۔ ڈاکٹر کا ہمدردانہ اور اپنائیت بھرا رویہ مریض کے علاج میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ انہوں نے نوجوان ڈاکٹروں سے کہا کہ وہ دیہی اور دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں کے تئیں محبت اور اپنائیت کا جذبہ رکھیں۔