گاندھی جی محض ایک شخصیت یا نظریے کا نام نہیں، بلکہ ہندوستان کی روح، قومی یکجہتی کی علامت اور کروڑوں ہندوستانیوں کے دلوں کی دھڑکن ہیں : سید شاہ فخرِ عالم حسن

تاثیر22 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

بھاگلپور (منہاج عالم)ریشمی شہر بھاگلپور، جو اپنی عظیم تہذیبی و ثقافتی روایات اور مہادانی راجہ کرن کی تاریخی سرزمین کے طور پر ملک بھر میں ایک منفرد شناخت رکھتا ہے، وہاں 30 ستمبر سے 2 اکتوبر تک بابائے قوم مہاتما گاندھی کی حیات، افکار، فلسفۂ حیات اور ان کی عظیم قومی خدمات کے موضوع پر ایک نہایت شاندار، تاریخی اور یادگار سہ روزہ بین الاقوامی سیمینار کا انعقاد عمل میں آیا۔’’علم، ہنر اور روایت: گاندھیائی نقطۂ نظر کا عصری تناظر‘‘ کے عنوان سے منعقد ہونے والے اس علمی و فکری اجتماع میں ملک کے مختلف علاقوں سے سیکڑوں ممتاز دانشوروں، ماہرینِ تعلیم، محققین، مؤرخین، اہلِ قلم اور گاندھیائی افکار کے علم برداروں نے شرکت کی اور موجودہ قومی و عالمی حالات میں گاندھی جی کے نظریات کی اہمیت، افادیت اور معنویت پر نہایت بصیرت افروز گفتگو کی۔بلاشبہ یہ عظیم الشان علمی و فکری اجتماع بھاگلپور کی تعلیمی، تہذیبی اور تاریخی زندگی کا ایک روشن اور یادگار باب ثابت ہوا۔اس تاریخی بین الاقوامی سیمینار میں خانقاہ پیر دمڑیا شاہ، بھاگلپور کے سجادہ نشین حضرت سید شاہ فخرِ عالم حسن کو بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی دعوت دی گئی تھی، تاہم ان دنوں وہ حرمین شریفین، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے مقدس و روح پرور سفر پر تھے، جس کے باعث اس عظیم علمی اجتماع میں بنفسِ نفیس شرکت کی سعادت حاصل نہ ہو سکی۔اسی سلسلے میں آج گاندھی شانتی پرتشٹھان سے وابستہ ممتاز علمی شخصیات اور ذمہ داران پر مشتمل ایک معزز وفد خانقاہ پیر دمڑیا شاہ پہنچا۔ اس وفد میں بالخصوص پروفیسر منوج کمار، ڈاکٹر امیش پرساد نیرج اور ڈاکٹر روی شنکر کمار چودھری شامل تھے۔معزز مہمانوں نے خانقاہ کے سجادہ نشین حضرت سید شاہ فخرِ عالم حسن سے نہایت محبت و احترام کے ساتھ ملاقات کی اور بھاگلپور کی عظیم تہذیبی و ثقافتی شناخت، مشہور و معروف منجوشا آرٹ سے آراستہ انگ وسترم پیش کرکے ان کی عزت افزائی کی۔اس موقع پر نہایت خوش گوار، محبت آمیز اور علمی و فکری ماحول میں مہاتما گاندھی کی حیات و خدمات، تحریکِ آزادی میں ان کی بے مثال جدوجہد، سچائی، عدم تشدد، انسانی اخوت، مذہبی رواداری، قومی یکجہتی اور بالخصوص ہندو مسلم اتحاد کے لیے ان کی تاریخی قربانیوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا۔ گاندھی جی ہندوستان کی روح اور قومی ضمیر کی آواز ہیں اس موقع پر سجادہ نشین حضرت سید شاہ فخرِ عالم حسن نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا:’’مہاتما گاندھی محض ایک فرد، ایک سیاسی رہنما یا کسی مخصوص عہد کے مفکر کا نام نہیں، بلکہ وہ ہندوستان کی روح، اس کے تہذیبی شعور، اس کی اخلاقی عظمت اور کروڑوں ہندوستانیوں کے دلوں کی دھڑکن ہیں۔ گاندھی جی کی شخصیت ہندوستان کی گنگا جمنی تہذیب، مذہبی رواداری، باہمی محبت، انسانی اخوت اور قومی یکجہتی کا ایسا روشن مینار ہے جس کی روشنی آنے والی نسلوں کی بھی رہنمائی کرتی رہے گی۔‘‘انہوں نے فرمایا کہ گاندھی جی نے جس عزم و استقلال، بے مثال قربانی، ایثار، صبر و تحمل اور عدم تشدد کے فلسفے کے ذریعے ہندوستان کی آزادی کے لیے جدوجہد کی، وہ نہ صرف ہندوستان بلکہ پوری انسانی تاریخ کا ایک درخشاں اور ناقابلِ فراموش باب ہے۔بالخصوص ہندو مسلم اتحاد اور مختلف مذاہب و طبقات کے درمیان محبت و اعتماد کی فضا قائم کرنے کے لیے ان کی مسلسل کوششیں ہندوستان کی تحریکِ آزادی کا ایک نہایت قیمتی سرمایہ ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آج جب ہمارے معاشرے کو باہمی محبت، رواداری، قومی اتحاد، سماجی انصاف اور انسانیت کے احترام کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے، ایسے نازک اور حساس حالات میں گاندھی جی کے افکار و نظریات کی معنویت مزید بڑھ جاتی ہے۔’’گاندھی جی کے نظریات محض کتابوں کے اوراق، تعلیمی اداروں کی تقریبات اور سیمیناروں کی گفتگو تک محدود نہیں رہنے چاہئیں، بلکہ انہیں ہماری عملی زندگی، سماجی رویوں، تعلیمی نظام اور قومی کردار کا حصہ بننا چاہیے۔‘‘خانقاہ پیر دمڑیا شاہ اور مہاتما گاندھی کے تاریخی روابط اس موقع پر سجادہ نشین حضرت سید شاہ فخرِ عالم حسن نے خانقاہ پیر دمڑیا شاہ کے تاریخی پس منظر اور تحریکِ آزادی سے اس کے دیرینہ تعلقات کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ مہاتما گاندھی کے بھاگلپور تشریف لانے کے موقع پر خانقاہ کے بزرگوں، ان کے پردادا حضرت سید شاہ فخرِ عالم صاحب رحمۃ اللہ علیہ اور دادا حضرت سید شاہ شرفِ عالم صاحب رحمۃ اللہ علیہ سے بھی ملاقات ہوئی تھی۔انہوں نے فرمایا کہ یہ تاریخی روابط اس حقیقت کی روشن دلیل ہیں کہ خانقاہوں اور ان سے وابستہ روحانی و علمی خانوادوں نے ہندوستان کی تحریکِ آزادی، قومی بیداری، سماجی اصلاح اور مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے درمیان محبت و یگانگت کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔