تاثیر27 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
بہار شریف(محمددانش) راجگیر واقع بین الاقوامی کنونشن سینٹرمیں ہیون گروپ آف کمپنیز کی آیوروید شاخ ہیون لائف کیئر کا دوسرا یومِ تاسیس جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر کمپنی کی کامیابیوں کا جشن منانے کے ساتھ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ملازمین کو اعزاز سے نوازا گیا۔تقریب کا افتتاح کمپنی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر امجد صدیقی، راجن کمار اور محمد اسلام صدیقی نے مشترکہ طور پر چراغ روشن کرکے کیا۔ اس موقع پر بنارس سے آئے پنڈتوں کی جانب سے پیش کی گئی شاندار گنگا آرتی تقریب کی خاص توجہ رہی۔ گنگا آرتی کی دلکش پیش کش سے پورا ماحول عقیدت اور روحانیت سے بھر گیا اور موجود لوگوں نے پروگرام سے خوب لطف اٹھایا۔تقریب کے دوران سال بھر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے محمد علی حسن کو 13.29 لاکھ روپے کا چیک دے کر اعزاز سے نوازا گیا۔ اس کے ساتھ ہی کمپنی کی انتظامیہ نے ان کے بیرون ملک سفر کے تمام اخراجات برداشت کرنے کا بھی اعلان کیا۔کمپنی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر امجد صدیقی نے کہا کہ ادارے کی کامیابی میں ملازمین کی محنت، لگن اور ان کی خدمات کا اہم کردار ہے۔ کمپنی اپنے ملازمین کی صلاحیتوں کو فروغ دینے اور انہیں آگے بڑھنے کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے پابند عہد ہے۔انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ ہیون لائف کیئر مستقبل میں آیوروید کے شعبے میں نئی کامیابیاں حاصل کرے گی اور زیادہ سے زیادہ لوگوں تک اپنی خدمات پہنچائے گی۔

