اسمبلی اجلاس کے آخری دن اپوزیشن کا زبردست ہنگامہ، ایوان کی کارروائی تین مرتبہ ملتوی

تاثیر28 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

بھراڑی سین (گیرسین)، 28 اکتوبر: اتراکھنڈ کی پانچویں اسمبلی کے سال 2026 کے تیسرے اجلاس کے آخری دن بدھ کو بدعنوانی سمیت مختلف مسائل پر بحث کرانے کے مطالبے کو لے کر اپوزیشن کانگریس کے ارکان نے ایوان میں ہنگامہ کیا۔ کانگریس کے ارکان اسمبلی ایوان کے وسط میں پہنچ کر نعرے بازی کرنے لگے، جس کے باعث کارروائی تین مرتبہ ملتوی کرنی پڑی۔ اپوزیشن نے ایوان کے اندر اور باہر انکیتا بھنڈاری معاملے، امن و قانون کی صورتِ حال، کسانوں کے مسائل، آفات اور نقل مکانی جیسے موضوعات پر حکومت کو گھیرنے کی کوشش کی۔
ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی کانگریس کے ارکان نے مختلف مسائل پر بحث کرانے کا مطالبہ کیا۔ اسمبلی اسپیکر ریتو کھنڈوری بھوشن نے کہا کہ ضابطہ 310 کے تحت دیے گئے نوٹس کو ضابطہ 58 کے تحت سنا جائے گا۔ اپوزیشن ارکان نے اس کی مخالفت کرتے ہوئے اپنے نوٹس پر بحث کرانے کا مطالبہ کیا۔ اس دوران ایوان کے قائد اور وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی بھی موجود تھے۔
بی جے پی کے رکن اسمبلی اروند پانڈے نے ایوان میں اجتماعی تصویر کھنچوانے کی روایت کا ذکر کرتے ہوئے اپوزیشن کے اس میں شامل نہ ہونے کا معاملہ اٹھایا۔ اس کے بعد ایوان میں ہنگامہ شروع ہو گیا۔ اپوزیشن ارکان اسمبلی ایوان کے وسط میں پہنچ گئے اور ’’بدعنوانی کی حکومت نہیں چلے گی‘‘ اور ’’بنٹی ببلی کی حکومت نہیں چلے گی‘‘ جیسے نعرے لگانے لگے۔
اسمبلی اسپیکر نے وقف? سوالات شروع کرانے کی کوشش کی، لیکن اپوزیشن ارکان اپنے مطالبے پر بضد رہے۔ ہنگامے کے باعث ایوان کی کارروائی پہلے صبح 11 بج کر 20 منٹ تک اور پھر دوپہر 12 بجے تک ملتوی کرنی پڑی۔