تاثیر8 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
باغپت، 08 اکتوبر: اتر پردیش کے باغپت ضلع کے کھیکڑا قصبے کے بازار چوکی علاقے میں جمعرات کی صبح ایک دکان میں اچانک بھیانک آگ لگ گئی۔ کچھ ہی دیر میں آگ نے دکان سے متصل مکان کو بھی اپنی زد میں لے لیا۔ اس دوران گیس کے دو سلنڈر زوردار دھماکے کے ساتھ پھٹ گئے۔ حادثے میں ایک خاتون اور پانچ سالہ بچی سمیت دو افراد کی موت ہو گئی، جبکہ کئی لوگ جھلس گئے۔ دھماکوں کی آواز سے پورے بازار میں افراتفری مچ گئی۔
عینی شاہدین کے مطابق تاجر پردیپ جین کی دکان میں صبح اچانک آگ لگی۔ دیکھتے ہی دیکھتے آگ کی لپٹیں تیز ہو گئیں اور دکان سے متصل مکان تک پہنچ گئیں۔ آگ کی زد میں آنے سے گیس سلنڈروں نے بھی آگ پکڑ لی، جس کے بعد زور دار دھماکے ہوئے۔
آگ میں پردیپ جین کے بیٹے انکور جین سمیت کئی لوگ جھلس گئے۔ وہیں بندو پرساد جین سمیت دو خواتین اور دو بچے مکان کے اندر پھنس گئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیم موقع پر پہنچی۔ پولیس اور مقامی لوگوں نے راحت اور بچاؤ کارروائی کرتے ہوئے مکان میں پھنسے افراد کو باہر نکالا۔

