شکرپور کی پنچایت سمیتی رکن پونم کماری بلا مقابلہ بلاک پرمکھ منتخب

تاثیر1 نومبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

انتخابی عمل مکمل ہوتے ہی حامیوں نے جم کر اڑائے عبیر و گلال
 سنگھواڑہ دربھنگہ ( محمد مصطفیٰ)بلاک پرمکھ کے انتخاب کو لے کر ہفتہ کے روز انتخابی کارروائی مکمل ہوئی۔ ریاستی الیکشن کمیشن کی ہدایت پر منعقدہ اس انتخاب میں شکرپور پنچایت کی پنچایت سمیتی رکن پونم کماری بلا مقابلہ بلاک پرمکھ منتخب ہوئیں۔ سب ڈویژنل افسر صدر و انتخابی افسر کمار گورو کی نگرانی میں صبح 11:30 بجے سے پنچایت سمیتی اراکین کی خصوصی میٹنگ منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں کل 30 پنچایت سمیتی اراکین موجود رہے، جبکہ سابق بلاک پرمکھ پشپا جھا سمیت پانچ اراکین انتخابی عمل سے غیر حاضر رہے۔ ان میں استھوا کے پنچایت سمیتی رکن شیام شرما کے استعفیٰ کی وجہ سے وہاں کی نشست خالی ہے۔انتخابی کارروائی شروع ہوتے ہی پونم کماری نے اپنا نامزدگی پرچہ داخل کیا۔ منیکولی کے پنچایت سمیتی رکن منوج سنگھ ان کے تجویز کنندہ اور کلی گاؤں کی رکن منجو دیوی تائید کنندہ بنیں۔ نامزدگی کے دوران ارئی بردی پور کی پنچایت سمیتی رکن نورجہاں خاتون نے بھی پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی کوشش کی، تاہم ایوان میں انہیں کوئی تجویز کنندہ اور تائید کنندہ نہیں مل سکا۔ نامزدگی پرچوں کی جانچ کے بعد پونم کماری کو بلا مقابلہ منتخب قرار دیا گیا۔