تاثیر22 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
رائے پور، 22 اکتوبر:صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے جمعرات کو لوک بھون کے چھتیس گڑھ منڈپم میں ماتا ہاسی دیوی کے اعزاز میں 200 روپے کا یادگاری سکہ جاری کیا۔ اس موقع پر گورنر رمن ڈیکا اور وزیر اعلیٰ وشنو دیو سائے سمیت دیگر شخصیات موجود تھیں۔
شداڑی دربار، رائے پور کی پانچویں پیٹھادھیش ماتا صاحبہ ہاسی دیوی کی 200ویں یومِ پیدائش کے موقع پر 200 روپے کا یادگاری سکہ جاری کرنے کے ساتھ ایک خصوصی ڈاک ٹکٹ بھی جاری کیا گیا۔
سندھی سماج کی ممتاز شخصیت کے اعزاز میں یادگاری سکہ جاری ہونا سماج کے لیے ایک تاریخی موقع تھا۔ یہ ملک اور بیرونِ ملک رہنے والے کروڑوں سندھی افراد کے لیے باعثِ فخر ہے۔ یادگاری سکے کی رونمائی کے بعد عقیدت مند اور سکے جمع کرنے کے شوقین افراد شداڑی دربار کی مختلف شاخوں کے ذریعے اسے بک کروا سکیں گے۔
واضح رہے کہ حکومتِ ہند کی جانب سے جاری کیے گئے اس خصوصی سکے پر ماتا ہاسی دیوی کی تصویر نقش ہے۔ سکے کے ایک رخ پر اشوک ستون کا شیر والا نشان اور 200 روپے کی مالیت درج ہے۔ اس یادگاری سکے کے ذریعے ان کی زندگی، افکار اور روحانی خدمات کو آنے والی نسلوں تک پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے۔

