ڈیجیٹل جرائم سے نمٹنے کے لیے عالمی نظام بنانے کی وزیر اعظم مودی کی اپیل

تاثیر8 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

نئی دہلی، 08 اکتوبر: وزیر اعظم نریندر مودی نے سائبر فراڈ، ڈیپ فیک اور ڈیجیٹل جرائم کے بڑھتے ہوئے چیلنج سے نمٹنے کے لیے عالمی نظام بنانے کی اپیل کی ہے۔ دسویں انڈیا موبائل کانگریس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کا وسیع استعمال اسی وقت ممکن ہے جب لوگوں کا اس پر اعتماد ہو۔ ہندوستان اپنے تجربات دنیا کے ساتھ شیئر کرنے کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔
مودی نے کہا کہ سائبر جرائم کی کوئی سرحد نہیں ہوتی۔ ایک ملک میں بیٹھا شخص دوسرے ملک کے شہری سے دھوکہ دہی کر سکتا ہے اور اس کے لیے تیسرے ملک کی ٹیکنالوجی یا نیٹ ورک استعمال ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیپ فیک بھی ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے، اس لیے حکومتوں، ٹیکنالوجی اور ٹیلی مواصلاتی کمپنیوں اور مالیاتی اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
انہوں نے جی ایس ایم اے اور دنیا بھر کے ٹیلی مواصلاتی آپریٹروں سے ایسا عالمی نظام بنانے کی اپیل کی جو فراڈ لوگوں تک پہنچنے سے پہلے ہی اسے روک سکے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ عام شہری کے لیے یہ جاننا اہم ہے کہ فون کرنے والا کون ہے، پیغام درست ہے یا جعلی، ادائیگی اور ذاتی ڈیٹا محفوظ ہے یا نہیں۔ اس لیے ڈیجیٹل شعبے میں سلامتی اور اعتماد اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ 2022 میں ہندوستان میں 5جی سروس شروع ہوئی تھی اور اب یہ ملک کے ہر ضلع تک پہنچ چکی ہے۔ موبائل انٹرنیٹ کی رفتار بھی 2022 کے مقابلے تقریباً 10 گنا بڑھ گئی ہے۔