نگر پنچایت سنگھواڑہ کے صفائی ملازمین 3 نومبر سے غیر معینہ مدت کی ہڑتال پر جائیں گے

تاثیر30 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

 سنگھواڑہ دربھنگہ (محمد مصطفٰی) محکمہ جاتی احکامات پر عمل درآمد میں لاپروائی، مقامی بلدیاتی ملازمین کے زیر التوا مسائل کا حل نہ ہونے اور ملازمین کے مفادات کو مسلسل نظر انداز کیے جانے کے خلاف نگر پنچایت سنگھواڑہ کے صفائی ملازمین تحریک کے راستے پر ہیں۔ بہار لوکل باڈیز ایمپلائز فیڈریشن اور بہار اسٹیٹ لوکل باڈیز ایمپلائز مہاسنگھ کے مشترکہ محاذ کی اپیل پر جمعہ، 30 اکتوبر کو نگر پنچایت ہیڈکوارٹر پر ملازمین نے پُرامن احتجاج کیا۔اس سلسلے میں ملازم یونین کی جانب سے ایگزیکٹیو آفیسر کو مطالبات کا میمورنڈم سونپ کر زیر التوا مسائل کو جلد حل کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ یونین نے انتباہ دیا ہے کہ اگر حکومت اور محکمہ کی جانب سے مطالبات پر مثبت پہل نہیں کی گئی تو آئندہ 3 نومبر سے تمام صفائی ملازمین غیر معینہ مدت کی ہڑتال پر چلے جائیں گے۔ ملازم یونین کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے پہلے دی گئی یقین دہانیوں کے باوجود ملازمین کے مسائل اب بھی زیر التوا ہیں۔ محکمہ جاتی احکامات پر عمل درآمد میں لاپروائی برتی جا رہی ہے اور ملازمین کے مفادات کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ ایسی صورت حال میں ملازمین تحریک کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہیں۔یونین کے جنرل سکریٹری اودھیش کمار مشرا نے بتایا کہ ملازمین کے زیر التوا مسائل کا منصفانہ حل ان کا بنیادی مطالبہ ہے۔ مطالبات پورے نہیں ہونے کی صورت میں 3 نومبر سے غیر معینہ مدت کی ہڑتال شروع کی جائے گی