گاندھی جینتی کے موقع پر اسکاؤٹ گائیڈ نے چلائی صفائی مہم

تاثیر2 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

ٹھاکرگنج (محمد شاداب غیور)
ٹھاکر گنج۔ بہار ریاست بھارت اسکاؤٹ اینڈ گائیڈ، کشن گنج کے زیرِ اہتمام اپ گریڈ ہائی اسکول لودھا، ٹھاکرگنج میں گاندھی جینتی کی تقریب جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی۔ اس موقع پر اسکول کے احاطے اور آس پاس کے دیہی علاقوں میں صفائی مہم چلا کر لوگوں کو صفائی کے تئیں بیدار کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاک ایجوکیشن آفیسر اودھیش شرما نے اسکاؤٹ اور گائیڈ کے طلبہ و طالبات کو مہاتما گاندھی کی زندگی اور ان کے اصولوں سے تحریک لینے کی ترغیب دی۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی جی صفائی کو زندگی کا ایک اہم حصہ مانتے تھے اور اپنے کام خود کرنے پر زور دیتے تھے۔ کیمپ انچارج اور ضلعی تنظیمی کمشنر سشیل کمار گپتا نے سوچھ بھارت مشن کے تحت گاندھی جی کی عینک کی علامتی اہمیت کے بارے میں طلبہ و طالبات کو معلومات فراہم کیں۔ وہیں صدرِ جمہوریہ ایوارڈ سے سرفراز امیت راج یادو نے اسکاؤٹ اور گائیڈ تحریک کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے طلبہ سے خدمت، نظم و ضبط اور صفائی کے تئیں ذمہ دار بننے کی اپیل کی۔ اس موقع پر بلاک ایجوکیشن آفیسر اودھیش شرما، سی آر سی کوآرڈینیٹر، صدرِ جمہوریہ ایوارڈ سے سرفراز امیت راج یادو، ضلعی تنظیمی کمشنر سشیل کمار گپتا سمیت اسکول کے اساتذہ و معلمات نے مہاتما گاندھی کی تصویر پر پھول نچھاور کرکے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ گاندھی جینتی کے موقع پر دیہی علاقے میں واقع اسکول کو صفائی مہم کے لیے منتخب کیا گیا، جہاں اسکاؤٹ اور گائیڈ کے طلبہ و طالبات نے صفائی کا پیغام عام کیا۔ طلبہ نے نعرے لگاتے ہوئے لوگوں کو صفائی کے تئیں بیدار کیا۔ اس دوران “گاندھی جی کا تھا یہ کہنا، صاف ستھرا بنے بھارت اپنا” جیسے نعروں سے پورا ماحول گونج اٹھا۔ تقریب میں پرنسپل پنکی کماری، راج شری پونم، امیت سنگھ، سنتوش کمار، رتنا چندا، ہیمنتی لاہڑی، شانتی سمن، دلشاد ترنم، یشونت کمار، امریش کمار، لاونیا بیراگ، کرن کماری سمیت دیگر اساتذہ، معلمات اور طلبہ و طالبات موجود رہے۔