تاثیر9 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 9 اکتوبر: دہلی میں ہفتہ، 10 اکتوبر کو مجوزہ احتجاج اور ٹریفک ایڈوائزری کے پیش نظر شمالی ریلوے نے کئی ٹرینیں منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
شمالی ریلوے کے چیف پبلک ریلیشن آفیسر ہمانشو شیکھر اپادھیائے نے جمعہ کو ایک بیان میں بتایا کہ صبح 4 بجے سے دوپہر 2 بجے تک مجوزہ احتجاج کے باعث نئی دہلی، حضرت نظام الدین اور تلک برج ریلوے اسٹیشنوں سے آنے جانے والی ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر رہے گی۔
ریلوے کی جانب سے جاری فہرست کے مطابق، 9 اور 10 اکتوبر کو چلنے والی کئی اہم ٹرینیں منسوخ کی گئی ہیں۔ ان میں مگدھ ایکسپریس، تیجس راجدھانی ایکسپریس، سمپورن کرانتی ایکسپریس، امرت بھارت ایکسپریس، پریاگ راج ایکسپریس اور شرم شکتی ایکسپریس شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کانپور، آگرہ، بنارس، کاس گنج اور لکھنؤ سے دہلی آنے والی بعض دیگر ٹرینیں بھی متاثر ہوں گی۔اسلام پور سے نئی دہلی آنے والی ٹرین نمبر 20801 مگدھ ایکسپریس، راجندر نگر سے چلنے والی 12309 تیجس راجدھانی ایکسپریس، 12393 سمپورن کرانتی ایکسپریس اور 22361 امرت بھارت ایکسپریس منسوخ کر دی گئی ہیں۔ کانپور سینٹرل سے نئی دہلی آنے والی 12033 شتابدی ایکسپریس، پریاگ راج سے آنے والی 12417 پریاگ راج ایکسپریس اور 12275 ہم سفر ایکسپریس بھی متاثرہ ٹرینوں میں شامل ہیں۔

