تاثیر24 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 24 اکتوبر: مرکزی وزیر زراعت و کسانوں کی بہبود شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ حکومت نے مقررہ مدت سے پانچ ماہ قبل ہی 11 کروڑ کسانوں کی منفرد ڈیجیٹل شناخت (فارمر آئی ڈی) بنانے کا ہدف حاصل کرلیا ہے۔ انہوں نے اسے ’ترقی یافتہ بھارت، خوش حال کسان‘ کے وژن کی جانب ایک تاریخی کامیابی قرار دیا۔
شیوراج سنگھ نے ہفتہ کے روز بتایا کہ ملک کے زرعی شعبے میں ڈیجیٹل انقلاب کو نئی رفتار دیتے ہوئے 23 اکتوبر کی رات تک 11 کروڑ فارمر آئی ڈی بنانے کا کام مکمل کرلیا گیا۔ اس ہدف کو 31 مارچ 2027 تک حاصل کرنا تھا، لیکن مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں اسے پانچ ماہ پہلے ہی پورا کرلیا گیا۔
وزارت زراعت و کسانوں کی بہبود کے زیر انتظام ’ڈیجیٹل ایگریکلچر مشن‘ کے تحت حاصل ہونے والی یہ کامیابی ملک کے کسانوں تک سرکاری اسکیموں، بینک قرضوں، فصل بیمہ اور آفات کے وقت مالی امداد کے فوائد شفاف اور تیز رفتار طریقے سے براہ راست پہنچانے کی راہ ہموار کرے گی۔ اس سے کسانوں کو کاغذی کارروائی کی پریشانیوں سے بھی نجات ملنے کی امید ہے۔

