ڈی سی نے دیوالی کے پیش نظر ضلع میں حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا

تاثیر24 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن

جموں، 24 اکتوبر:ڈپٹی کمشنرکٹھوعہ راجیش شرما نے دیوالی کے پیش نظرضلع میں حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں کو چوکس رہنے اورعوام کی حفاظت یقینی بنانے کی ہدایت دی۔اس سلسلے میں ڈی سی آفس کمپلیکس کے کانفرنس ہال میں منعقدہ اجلاس کے دوران بازاروں میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں اورمعیارکی جانچ، ملاوٹ کی روک تھام اور پٹاخوں کی فروخت کے مقامات پرحفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت دی کہ بازاروں کے معائنے کے لیے مختلف محکموں پرمشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے، جبکہ فائراینڈ ایمرجنسی سروسزمحکمہ پٹاخے فروخت کرنے والے مقامات کا حفاظتی آڈٹ کرکے مقررہ ضوابط پرعمل درآمد یقینی بنائے۔
انہوں نے بھیڑ بھاڑوالے بازاروں اورحساس مقامات پرخصوصی توجہ دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فائرسروسزکا عملہ اورمشینری تیاررکھی جائے۔ چیف میڈیکل آفیسر کو تہوار کے دوران طبی عملے اورہنگامی طبی سہولیات کی دستیابی یقینی بنانے، جبکہ جے پی ڈی سی ایل کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور بجلی سے متعلق حادثات کی روک تھام کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی۔