تاثیر6 اکتوبر ۲۰۲۶:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 6 اکتوبر: وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے منگل کو وشاکھاپٹنم میں واقع ہندوستان شپ یارڈ لمیٹڈ میں پہلے فلیٹ سپورٹ شپ ’سوریہ‘ کا افتتاح کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے دوسرے فلیٹ سپورٹ شپ ایف ایس ایس-5 کی کیل بھی رکھی اور اپ گریڈڈ سلپ وے-4 اور 300 ٹن کی گولیاتھ کرین کا افتتاح کیا۔ یہ اقدامات ہندوستان کی مقامی جہاز سازی کی صلاحیت کو مضبوط بنانے اور بھارتی بحریہ کی آپریشنل رسائی اور پائیداری بڑھانے کی سمت میں اہم قدم ہیں۔ وزیر دفاع نے وشاکھاپٹنم کو ایک بڑے میری ٹائم صنعتی مرکز کے طور پر ترقی دینے پر زور دیا اور بھارتی شپ یارڈز سے خود کفالت سے آگے بڑھتے ہوئے عالمی مسابقت کی جانب پیش قدمی کرنے کی اپیل کی۔اس موقع پر وزیر دفاع نے کہا کہ ان تینوں سنگِ میل کی اہمیت الگ الگ کامیابیوں سے کہیں زیادہ ہے۔ ہندوستان شپ یارڈ لمیٹڈ نہ صرف اپنی جہاز سازی کی صلاحیت کو مضبوط کر رہا ہے بلکہ ہندوستان کی بحری طاقت کی بنیاد بھی مستحکم کر رہا ہے۔ انہوں نے 1948 میں وشاکھاپٹنم میں آزاد ہندوستان میں بنائے گئے پہلے جہاز ’جلا اْشا‘ کی لانچنگ کو یاد کرتے ہوئے ملک کی قدیم بحری وراثت پر زور دیا اور کہا کہ ہندوستان کا سمندر سے رشتہ بہت قدیم ہے۔ انہوں نے آٹھ دہائیوں سے زائد عرصے سے ملک کی بحری اور دفاعی ضروریات میں ہندوستان شپ یارڈ کے تعاون کی ستائش کی۔

